وزیر خزانہ کی چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کو معیشت کے بارے میں بریفنگ
- محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف ورلڈ بینک اجلاس کے دوران چین، سعودی عرب اور یو اے ای کے وزرا سے ملاقاتیں
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف۔ورلڈ بینک موسم بہار اجلاس کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور محمد بن ہادی الحسینی، سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان اور چین کے وزیر خزانہ لین فوآن سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایم ایف۔ورلڈ بینک اجلاس کے دوران، وزیر خزانہ نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے صدر جن لیکوئن سے ملاقات میں پاکستان میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے بینک کی مالی معاونت پر تبادلہ خیال کیا اور رواں کیلنڈر سال کے دوران ”پانڈا بانڈ“ کے اولین اجرا کے لیے حکومت کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
جمعرات کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات آئی ایم ایف۔ورلڈ بینک اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں اہم ملاقاتوں کے دوران پانڈا اور ای ایس جی بانڈز کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اے آئی آئی بی کا پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور بینک کے ساتھ موجودہ روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
دریں اثناء، متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور محمد بن ہادی الحسینی سے ملاقات میں، وزیر خزانہ نے پاکستان کے معاشی اشاریوں، فچ کی جانب سے حالیہ خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور حکومت کے نجکاری پروگرام سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) کے تحت پہلے جائزے پر عملے کی سطح کا معاہدہ (ایس ایل اے) کر لیا ہے، جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (آر ایس ایف) کے تحت ایک نئے انتظام پر بھی کام جاری ہے۔
وزیر خزانہ نے گورنمںٹ ٹو گورنمنٹ اور بزنس ٹو بزنس سطح پر یو اے ای سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو سراہا اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کو عملی معاہدوں میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کرپٹو کرنسی ریگولیشن میں یو اے ای کے تجربے سے سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
انہوں نے محمد بن ہادی الحسینی کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان سے ملاقات میں محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معاشی ترقی میں سعودی عرب کے طویل مدتی اور مضبوط تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا، خاص طور پر آئی ایم ایف پروگرام کے تناظر میں حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خزانہ نے سعودی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
چینی وزیر خزانہ لین فوآن سے ملاقات میں محمد اورنگزیب نے جولائی 2024 میں بیجنگ میں ہونے والی پچھلی ملاقات کا حوالہ دیا اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں چین کی غیر متزلزل حمایت اور آئی ایم ایف کے ای ایف ایف پروگرام کے تحت اصلاحاتی اقدامات کے لیے چینی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ٹیکس، توانائی، نجکاری، سرکاری مالیات اور ریاستی اداروں (ایس او ایز) کے شعبوں میں جاری اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر پانڈا بانڈ کے اجراء کی پیشرفت پر بھی اپ ڈیٹ دی گئی اور عوامی بینک آف چائنا (پی بی او سی) سے اس عمل کو تیز کرنے کی درخواست کی گئی۔
وزیر خزانہ نے چینی وزیر خزانہ کو بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
اسی طرح، گیٹس فاؤنڈیشن کی صدر برائے گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی، گرگی گوش سے ملاقات میں، وزیر خزانہ نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، زچگی و بچوں کی صحت، غذائیت، خاندانی منصوبہ بندی، ویکسین فراہمی اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگراموں میں مسلسل تعاون پر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ ٹیکس نظام کو ڈیجیٹل بنانے میں گیٹس فاؤنڈیشن کے اشتراک کو سراہا، جس کا مقصد ایف بی آر کو جدید ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں تبدیل کرنا ہے۔ ملاقات میں ”بُنا“ اور ”راست“ ادائیگی پلیٹ فارمز کے انضمام سے علاقائی مالیاتی روابط کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے فاؤنڈیشن سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مہم میں تعاون جاری رکھنے کی درخواست کی اور 7 مئی 2025 کو پاکستان کے قومی ہیپاٹائٹس سی خاتمے کے پروگرام کے آغاز کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔
























Comments
Comments are closed.