ایران جنگ اور پیداواری اختلافات، اوپیک پلس کا تیل پیداوار برقرار رکھنے کا امکان
- اوپیک پلس نے پہلے 2027 کے لیے پیداوار کے نئے اہداف مقرر کرنے کا منصوبہ بنایا تھا
اوپیک پلس اتوار کو ہونے والے اجلاس میں 2027 کی پہلی سہ ماہی کے لیے تیل کی پیداوار کے اہداف موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ مذاکرات سے واقف ذرائع کے مطابق ایران جنگ کے باعث خلیجی ممالک کی تیل برآمدات متاثر ہونے اور رکن ممالک کے درمیان پیداواری صلاحیت کے اختلافات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
اوپیک پلس نے پہلے 2027 کے لیے پیداوار کے نئے اہداف مقرر کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور اس مقصد کے لیے پہلی مرتبہ رکن ممالک کی پیداواری صلاحیت کا جائزہ بھی شروع کیا تھا۔ تاہم عراق اور قازقستان نے اس جائزے میں اپنی پیداواری صلاحیت کم ظاہر کیے جانے پر اعتراضات اٹھائے، جس سے پیش رفت مشکل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق گروپ نے اب پہلی سہ ماہی میں پیداوار کے اہداف برقرار رکھنے پر اصولی اتفاق کرلیا ہے۔
ایران جنگ اور پیداواری اختلافات کے باعث اوپیک پلس کو ایک اور مشکل سال کا سامنا ہے، جبکہ امریکا تیل کی عالمی منڈی میں اپنا حصہ بڑھا رہا ہے۔
جنگ کے باعث رواں سال تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی تھیں، تاہم حالیہ ہفتوں میں خلیجی برآمدات بڑھنے سے قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
ریسٹڈ انرجی کے مطابق 2027 میں عالمی سطح پر تیل کی یومیہ 50 لاکھ بیرل اضافی رسد متوقع ہے۔ متحدہ عرب امارات کے اوپیک پلس سے الگ ہونے کے بعد عراق نے بھی اپنا پیداواری کوٹہ نہ بڑھنے پر تنظیم چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے۔


Comments