ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 112 ارب روپے کے قرضوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ حکومت مستحق اور غریب افراد کے لیے جتنے بھی گھروں کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گی، اس کی کوئی حد مقرر نہیں ہوگی۔
مارچ 2025 میں جامع قومی ہاؤسنگ پالیسی متعارف کرائی گئی تھی جس کا مقصد گھروں کی فراہمی میں اضافہ کرنا اور ملک میں مکانات کی تقریباً 90 لاکھ یونٹس کی کمی کو پورا کرنا تھا۔ پالیسی میں مقامی اور بین الاقوامی سرکاری و نجی ڈویلپرز کے ذریعے اپارٹمنٹس کی تعمیر کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا تھا تاکہ رہائشی مکانات کی دستیابی بڑھانے کے ساتھ زمین کی قیاس آرائی پر مبنی خرید و فروخت اور رہائشی پلاٹس کو ترقی دیے بغیر خالی چھوڑنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔ پالیسی میں کم لاگت والے مکانات کی تعمیر کے لیے ٹیکس مراعات اور قرضوں کی منظوری کیلئے دستاویزات کی جانچ پڑتال سمیت بینکوں کے قرض دینے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی تجویز بھی دی گئی تھی۔ پہلی مرتبہ گھر خریدنے والوں کے لیے سستے قرضوں کی فراہمی کا تصور بھی پیش کیا گیا تھا جن پر شرحِ سود کم یا مقررہ ہو، قرض کی مدت 10 سے 30 سال ہو اور ٹیکسوں کی شرح بھی کم رکھی جائے۔
رواں سال اپریل میں اپنا گھر پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا جس کے بعد سے بینک تقریباً 112 ارب روپے کے قرضے جاری کرچکے ہیں جو 500 ارب روپے کی منظور شدہ رقم کا تقریباً 22.4 فیصد بنتے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے وزیرِ خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزیرِ ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ مستحق افراد کے لیے قرضوں کی فراہمی کا ہدف ایک کھرب روپے مقرر کیا جائے۔اس حوالے سے دو نکات خاص توجہ کے متقاضی ہیں۔ پہلا یہ کہ اگرچہ تعمیراتی کمپنیوں اور بلڈرز کو 112 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں، تاہم نہ تو قابلِ اطلاق شرحِ سود بتائی گئی اور نہ ہی ہر گھر کی اصل لاگت سے متعلق تفصیلات سامنے لائی گئی ہیں۔ یہ وہ اعدادوشمار ہیں جن سے بینکوں، بلڈرز اور بالآخر مستحق افراد کو حاصل ہونے والے منافع کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ دوسرا اہم سوال یہ ہے کہ کیا پالیسی میں تجویز کردہ ایسا طریقۂ کار وضع کرلیا گیا ہے جو مستحقین کو الاٹ کیے گئے مکانات دوبارہ فروخت کرنے سے روک سکے؟
پالیسی میں اس ضرورت کو تسلیم کیا گیا ہے کہ ہاؤسنگ اسکیموں میں ذخیرہ اندوزی اور قیاس آرائی پر مبنی خرید و فروخت کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ نہ صرف انفرادی سرمایہ کار بلکہ بڑے ڈویلپرز بھی زمین کی ذخیرہ اندوزی اور قیاس آرائی پر مبنی خرید و فروخت میں ملوث ہوتے ہیں۔ اس صورتِ حال کا تقاضا ہے کہ متعلقہ ریگولیٹری ادارے واضح اور مخصوص قواعد و ضوابط وضع کریں جن کے تحت ہاؤسنگ اسکیموں میں مقررہ مدت کے اندر تعمیرات نہ کرنے والے پلاٹ مالکان کو جرمانے کیے جاسکیں۔ اسی طرح جو لینڈ ڈویلپرز مقررہ مدت میں ہاؤسنگ اسکیمیں ترقی دینے میں ناکام رہیں، انہیں بھی سخت سزائیں دی جانی چاہئیں۔ پالیسی میں ذخیرہ اندوزی اور قیاس آرائی کی روک تھام کے لیے تجویز کردہ اقدامات میں تین یا پانچ سال کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد پلاٹ استعمال نہ کرنے پر بھاری نان یوٹیلائزیشن چارجز عائد کرنا شامل ہے۔ مزید یہ کہ ملک کے کسی بھی حصے میں سبسڈی والی ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ایک خاندان کو صرف ایک گھر کی اجازت ہونی چاہیے جبکہ کسی بھی ہاؤسنگ اسکیم میں اوپن فائل سسٹم کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔
اگرچہ ہاؤسنگ پالیسی کے پسِ پشت محرکات کو مکمل طور پر سراہا جا سکتا ہے، تاہم حکومت کے لیے برطانیہ کے ماڈل کی پیروی کرنا زیادہ مناسب ہوتا جہاں مقامی حکومتوں کے ادارے کونسل ہاؤسنگ کے مالک ہوتے ہیں اور اس کا انتظام چلاتے ہیں، تاکہ کم آمدنی والے یا رہائش کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کو طویل مدت کے لیے کم کرائے پر گھر فراہم کیے جاسکیں۔ بعد ازاں مارگریٹ تھیچر کے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں شہریوں کو رعایتی قیمت پر کونسل ہاؤسنگ خریدنے کا حق بھی دے دیا گیا تھا۔
پاکستان اس وقت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اپنے 25ویں پروگرام میں شامل ہے جس کے تحت ابتدائی مرحلے ہی سے سخت اور معیشت کو سکڑاؤ کی طرف لے جانے والی مالیاتی اور مانیٹری پالیسیاں اختیار کی جا رہی ہیں۔ اس صورتِ حال میں حکومت کے پاس کسی بھی شعبے کو سستے قرضے یا ٹیکس میں رعایتیں دینے کی گنجائش محدود ہے۔ یہ واضح نہیں کہ آیا آئی ایم ایف نے اپنا گھر پروگرام کو اس پالیسی سے استثنا دے رکھا ہے۔ اس بارے میں صورتِ حال واضح ہونے کے لیے اکتوبر 2026 میں چوتھے جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کے بعد، بورڈ کی منظوری سے مشروط چوتھے جائزے کی دستاویزات اپ لوڈ ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments