یمن کے حوثیوں کا سعودی عرب کی راس تنورہ آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ
- سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج کا راس تنورہ میں چار ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ
یمن کے حوثیوں نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ انہوں نے سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل ریفائنری راس تنورہ کو نشانہ بنایا ہے، جو سعودی خام تیل کی ایک بڑی برآمدی تنصیب کے قریب واقع ہے۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ ریفائنری پر حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔
حوثی ملیشیا، جس کا مغربی یمن کے بیشتر علاقوں بشمول دارالحکومت صنعا پر کنٹرول ہے، جولائی میں امریکا اور ایران کی جنگ کے اثرات یمن تک پھیلنے اور منجمد خانہ جنگی دوبارہ بھڑک اٹھنے کے بعد سے سعودی ہوائی اڈوں، تیل کی تنصیبات اور دفتری عمارتوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
ان حملوں کے نتیجے میں ماضی میں سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے بعض آپریشنز عارضی طور پر متاثر ہوئے، جبکہ ریاض کے لیے زیادہ تر بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں۔ ان حملوں کے باعث سعودی عرب کو فٹ بال کے اے ایف سی ایشین کپ اور ملک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کانفرنس ایف آئی آئی سمیت کئی بڑے بین الاقوامی ایونٹس ملتوی یا منسوخ بھی کرنا پڑے۔
سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج نے بدھ کے روز اس سے قبل کہا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے راس تنورہ میں چار ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا۔ تاہم اس نے یہ نہیں بتایا کہ وہاں واقع آئل ریفائنری کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
رائٹرز کی جانب سے جائزہ لی گئی ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر میں ریفائنری کے اطراف وسیع علاقے پر سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل دکھائی دیے، جو تقریباً 600 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلے ہوئے تھے۔
سعودی حکومت کے شعبۂ ابلاغ اور سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
راس تنورہ آئل ریفائنری کی یومیہ تیل صاف کرنے کی صلاحیت 5 لاکھ 50 ہزار بیرل ہے۔ حوثیوں کے ساتھ جاری تنازع اور وسیع تر ایران جنگ کے دوران اس تنصیب کو پہلے بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
یہ ریفائنری سعودی عرب کے خلیجی ساحل پر واقع ایک بڑے صنعتی کمپلیکس کا حصہ ہے، جو امریکا اور ایران کی جنگ کے باعث مغربی ساحل پر واقع ینبع بندرگاہ کی اہمیت بڑھنے سے پہلے مملکت کا تیل برآمد کرنے کا مرکزی مرکز تھا۔ ینبع کو مشرقی مغربی پائپ لائن کے ذریعے تیل فراہم کیا جاتا ہے۔
سعودی خودمختار فنڈ کے ٹاور پر دوبارہ حملہ
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کے گروپ نے ریاض کے مالیاتی مرکز کو تین مرحلوں میں نشانہ بنایا۔
سعودی شہری دفاع کے مطابق، منگل کے روز ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع ایک بلند عمارت پر حملے کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوئے۔ دارالحکومت کی اس بلند ترین عمارت میں سعودی عرب کے خودمختار دولت فنڈ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کا صدر دفتر بھی قائم ہے۔ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں اس عمارت پر یہ دوسرا حملہ تھا۔
اس سے قبل 19 نومبر کو ہونے والے حملے میں عمارت کو نقصان پہنچا تھا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ سعودی شہری دفاع نے منگل کے روز اس تاریخی عمارت کی ایک تصویر جاری کی، جس میں اس کے بیرونی حصے کے تقریباً درمیانی حصے پر نقصان کے آثار دکھائی دے رہے تھے۔ یہ نقصان گزشتہ ہفتے ہونے والے حملے سے ہونے والے نقصان سے ملتا جلتا تھا۔


Comments