چین کو سفارتی دھچکا، آسٹریلیا اور جزائر سلیمان کے درمیان سکیورٹی معاہدہ ہوگیا
- دونوں ممالک کے رہنماؤں کے مشترکہ بیان کے مطابق، نئے معاہدے کے تحت آسٹریلیا جزائر سلیمان کی پولیس اور سرحدی فورس میں زیادہ فعال کردار ادا کرے گا
آسٹریلیا اور جزائر سلیمان نے بدھ کو ایک سکیورٹی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت آسٹریلیا کو جزائر سلیمان کا ترجیحی دفاعی شراکت دار قرار دیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ بحرالکاہل کے اس جزیرہ نما ملک کی پالیسی میں اہم تبدیلی کی علامت ہے، جس نے اس سے قبل چین کے ساتھ بھی اسی نوعیت کا معاہدہ کیا تھا۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں کے مشترکہ بیان کے مطابق، نئے معاہدے کے تحت آسٹریلیا جزائر سلیمان کی پولیس اور سرحدی فورس میں زیادہ فعال کردار ادا کرے گا، جبکہ اہم بنیادی ڈھانچے سے متعلق معاملات پر ہونیارا کو آسٹریلیا سے مشاورت کرنا ہوگی۔
آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے اپنے ہم منصب میتھیو وائل کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ آسٹریلیا جزائر سلیمان کا مرکزی سکیورٹی شراکت دار ہونے پر فخر کرتا ہے اور اس ذمہ داری کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔
یہ معاہدہ خطے میں چین کے اثرورسوخ کا مقابلہ کرنے کی آسٹریلیا کی کوششوں میں اہم پیش رفت ہے۔ کینبرا اس سے قبل پاپوا نیو گنی، وانواتو اور فجی کے ساتھ بھی ایسے معاہدے کرچکا ہے۔
میتھیو وائل نے کہا کہ جزائر سلیمان کئی برسوں سے خطے میں غیر یقینی صورتحال کا سبب رہا ہے، تاہم اب یہ دور ختم ہوچکا ہے۔
میتھیو وائل 2022 میں چین کے ساتھ سکیورٹی معاہدے کے ناقد رہے تھے، لیکن 2025 میں بیجنگ کے دورے کے دوران انہوں نے چین کی معاشی ترقی کی تعریف کی تھی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق چین کے ساتھ سابقہ معاہدہ ختم کردیا گیا ہے، تاہم میتھیو وائل نے رازداری کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی حیثیت پر تبصرہ نہیں کیا۔


Comments