وفاقی آئینی عدالت (ایف سی سی) نے سندھ اور خیبرپختونخوا میں انفرااسٹرکچر سیس کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی صوبائی محصول کو محض اس بنیاد پر غیرقانونی قرار نہیں دیا جا سکتا کہ اس کا اطلاق درآمدی اشیا پر بھی ہوتا ہے۔ اسی طرح کوئی محصول محض اس وجہ سے صوبائی دائرہ اختیار میں نہیں آ جاتا کہ اس سے حاصل ہونے والی آمدن صوبائی انفرااسٹرکچر کی ترقی پر خرچ کی جاتی ہے، اگر اپنی اصل نوعیت میں وہ کسٹمز ڈیوٹی ہو اور صوبائی دائرہ اختیار میں نہ آتا ہو۔
چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سندھ ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے جن میں سندھ اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے عائد کردہ انفرااسٹرکچر سیس کو برقرار رکھا گیا تھا۔
چیف جسٹس امین الدین خان کے تحریر کردہ وفاقی آئینی عدالت کے 60 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا کہ زیرِ اعتراض فیصلوں میں صوبائی قانون سازی کے اختیار کا پہلے تعین کیے بغیر انفرااسٹرکچر کی ترقی کے مقصد، اشیا کی نقل و حرکت اور سیس کی مبینہ طور پر تلافیاتی نوعیت کو فیصلہ کن اہمیت دی گئی۔
ان میں سے کوئی بھی بنیاد متنازع درآمدی، برآمدی اور بیرونی ٹرانزٹ چارجز عائد کرنے کے لیے صوبوں کو آزادانہ طور پر اختیار فراہم نہیں کرتی۔ اس حد تک وفاق کا مؤقف تسلیم کیا جاتا ہے کیونکہ یہ آئین میں اختیارات کی تقسیم سے مطابقت رکھتا ہے، تاہم وفاق کی تائید بذاتِ خود اس معاملے میں فیصلہ کن حیثیت نہیں رکھتی۔
عدالت نے قرار دیا کہ زیرِ اعتراض فیصلے متعلقہ قوانین کی غلط تشریح پر مبنی ہیں، کیونکہ ان میں سیس کے لیے بیان کردہ انفرااسٹرکچر کی ترقی کے مقصد اور اس کی مبینہ تلافیاتی نوعیت کو اس کی آئینی حیثیت کے تعین میں فیصلہ کن اہمیت دی گئی۔ عدالت کے مطابق اصل جائزے کا تعلق اس قانونی عمل سے ہے جس کی بنیاد پر محصول عائد ہوتا ہے، نیز اس کی حقیقی نوعیت اور طریقۂ کار کو دیکھنا ضروری ہے۔
عدالت نے کہا کہ متنازع قانونی دفعات کے تحت اشیا کی درآمد، برآمد یا نقل و حمل پر محصول عائد ہوتا ہے۔ انفرااسٹرکچر، سڑک کے ذریعے سامان کی ترسیل یا طے شدہ فاصلے کے حوالے محض اپنی بنیاد پر اس محصول کے لیے صوبوں کو کوئی علیحدہ آئینی اختیار فراہم نہیں کرتے۔ چنانچہ ہائی کورٹس نے محصول سے حاصل ہونے والی آمدن کے استعمال کے مقصد اور اس کے عائد کیے جانے کی اصل بنیاد کو خلط ملط کیا اور اس طرح صوبائی قانون سازی کے اختیار پر آئینی حدود کو ملحوظ نہیں رکھا۔
وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ محصول عائد کرنے سے متعلقہ دفعات اور ان کے تحت بنائے گئے تمام ذیلی قواعد، نوٹیفکیشنز، ٹیکس تخمینے اور وصولی کے اقدامات غیرآئینی اور غیرقانونی قرار دیے جاتے ہیں۔ ان محصولات کی بنیاد پر جاری کیا گیا کوئی بھی مطالبہ، سرچارج یا جرمانہ نافذ نہیں کیا جائے گا۔ صرف غیرقانونی قرار دیے گئے محصولات کے لیے جمع کرائی گئی ضمانتیں تصدیق کے بعد واپس کر دی جائیں گی، تاہم ان کی واپسی سے متعلق کسی موجودہ عدالتی حکم کی پابندی ضروری ہوگی۔
عدالت نے واضح کیا کہ صوبے اپنی آئینی قانون سازی کے دائرہ اختیار کے تحت صوبے میں تیار اور استعمال ہونے والی اشیا پر انفرااسٹرکچر یا خدمات کے چارجز عائد کرنے کے لیے قانون سازی کر سکتے ہیں۔


Comments