قرضوں کی پائیداری میں بہتری: فنانس ڈویژن کی رپورٹ میں منظرنامہ بدستور غیر مستحکم قرار
پاکستان کے قرضوں کی پائیداری کے بہتر ہوتے امکانات اب بھی معاشی ترقی کی رفتار سست ہونے، شرح سود میں اضافے، روپے کی قدر میں کمی اور ممکنہ مالی ذمہ داریوں کے حقیقت کا روپ دھارنے جیسے خطرات سے دوچار ہیں۔ ان منفی معاشی عوامل کے بیک وقت اثرات کے نتیجے میں مالی سال 2029ء تک عوامی اور حکومتی ضمانت یافتہ قرضوں کا حجم جی ڈی پی کے 76.2 فیصد تک پہنچ سکتا ہے جبکہ بنیادی تخمینے کے مطابق یہ شرح 64.6 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
اس بات کا انکشاف وزارتِ خزانہ کے مالی سال 2027ء تا 2029ء کے لیے قرضوں کی پائیداری کے تجزیے (ڈیٹ سسٹین ایبلٹی اینالیسز) پر مبنی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ قرضوں کی پائیداری کا انحصار بجٹ کے بنیادی سرپلس کو برقرار رکھنے، معاشی ترقی، شرحِ مبادلہ میں استحکام، قرض لینے کی لاگت میں کمی، بیرونی مالی رقوم کی بروقت آمد اور مقامی ذرائع سے مالی وسائل کی قابلِ پیش گوئی دستیابی پر ہے۔
شرحِ سود کے حوالے سے خطرات خاص طور پر اہم ہیں کیونکہ ملکی قرضوں کے مجموعی ذخیرے کا تقریباً 73 فیصد حصہ متغیر شرحِ سود پر مشتمل ہے۔ اس کے باعث پالیسی ریٹ اور مارکیٹ کی شرحِ منافع میں تبدیلیاں براہِ راست حکومتی قرضوں پر سود کی ادائیگی کے اخراجات کو متاثر کرتی ہیں۔
جون 2026 کے اختتام پر حکومتی سیکیورٹیز کے مجموعی پورٹ فولیو میں مقررہ شرحِ سود کے حامل قرضوں کا حصہ صرف 27 فیصد تھا جبکہ شرحِ سود پر نظرثانی کی اوسط مدت 1.3 سال رہی جو نسبتاً کم وقفے سے شرحِ سود میں ردوبدل کے خطرے کو ظاہر کرتی ہے۔
مالی سال 2025ء میں سود کی ادائیگیوں کا حجم 8.89 ٹریلین روپے تھا جو مالی سال 2026ء میں 1.94 ٹریلین روپے یا 21.8 فیصد کمی کے بعد 6.95 ٹریلین روپے رہ گیا۔
بیرونی عوامی قرضوں کے مجموعی ذخیرے میں 60 فیصد قرض مقررہ جبکہ 40 فیصد متغیر شرحِ سود پر مشتمل تھا۔ ان قرضوں کی میعاد کا خاکہ نسبتاً بہتر رہا جس کے تحت 90 فیصد قرض طویل مدتی قرار دیا گیا جبکہ قرضوں کی اوسط مدتِ تکمیل 6.1 سال رہی۔
دوسری جانب ملکی قرضوں کے مجموعی ذخیرے میں 81.6 فیصد طویل مدتی جبکہ 18.4 فیصد قلیل مدتی قرضے شامل تھے جن کی اوسط مدتِ تکمیل 3.82 سال تھی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق حکومت قرضوں کی دوبارہ مالی اعانت (ریفنانسنگ) اور شرحِ سود کے خطرات کم کرنے کے لیے قرضوں کی میعاد بڑھانے، مقررہ شرحِ سود پر قرض لینے کا حجم بڑھانے اور مالی وسائل کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔
درمیانی مدت کی قرضہ جاتی حکمتِ عملی کے تحت جون 2026 کے اختتام پر ملکی قرضوں کی اوسط مدتِ تکمیل 3.82 سال سے بڑھا کر جون 2028 تک 4.25 سال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح بیرونی قرضوں کی اوسط مدتِ تکمیل 6.1 سال سے بڑھا کر 6.2 سال کرنے کا ہدف ہے۔
حکومت نے جون 2028 تک حکومتی سیکیورٹیز کے مجموعی پورٹ فولیو میں مقررہ شرحِ سود کے حامل مالیاتی ذرائع کا حصہ 26.6 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد اور شریعت سے ہم آہنگ مالیاتی ذرائع کا حصہ 15.6 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کرنے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔
حالیہ اقدامات میں زیرو کوپن پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز، زیرو کوپن سکوک، گورنمنٹ اجارہ سکوک اور خودمختار ملکی گرین سکوک متعارف کرانے کے علاوہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے سکوک کی لسٹنگ اور نیلامی بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان مالیاتی ذرائع سے سرمایہ کاروں کی تعداد اور دائرہ کار میں وسعت آئے گی، قیمتوں کے تعین کا عمل بہتر ہوگا اور روایتی بینکاری ذرائع پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔
رپورٹ میں شامل دباؤ کے تجزیوں (اسٹریس ٹیسٹس) سے ظاہر ہوتا ہے کہ روپے کی قدر میں 15 فیصد کمی، شرحِ سود میں 300 بیسس پوائنٹس اضافہ اور معاشی ترقی کی رفتار سست ہونے سے ملک کے درمیانی مدت کے قرضوں کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔
مجموعی معاشی و مالیاتی دباؤ کی صورت میں مالی سال 2027ء میں عوامی اور حکومتی ضمانت یافتہ قرضوں کا حجم جی ڈی پی کے 73.6 فیصد، مالی سال 2028ء میں 75.1 فیصد اور مالی سال 2029ء میں 76.2 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ بنیادی تخمینوں کے مطابق یہ شرحیں بالترتیب 68.6 فیصد، 66.9 فیصد اور 64.6 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
اس منظرنامے کے تحت مالی سال 2029ء میں مجموعی مالیاتی ضروریات (گراس فنانسنگ نیڈز) بھی جی ڈی پی کے 21.2 فیصد کی بلند سطح پر رہنے کا امکان ہے، جبکہ بنیادی تخمینے میں یہ شرح 16.3 فیصد ہے۔
جائزے میں شرحِ مبادلہ اور شرحِ سود میں اتار چڑھاؤ کو خطرات کے اہم ذرائع قرار دیا گیا ہے جس کی وجوہات میں ملک پر غیر ملکی کرنسی میں واجب الادا قرضوں کا بھاری بوجھ اور متغیر شرحِ سود پر ملکی قرض لینے پر زیادہ انحصار شامل ہیں۔
روپے کی قدر میں 15 فیصد کمی کو فرض کرتے ہوئے کیے گئے ایک علیحدہ تجزیے کے مطابق عوامی اور حکومتی ضمانت یافتہ قرضوں کا حجم مالی سال 2027ء میں جی ڈی پی کے 71.8 فیصد تک پہنچنے کے بعد کم ہوکر مالی سال 2029ء میں 65.2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ اس کے برعکس بنیادی تخمینے کے تحت مالی سال 2029ء میں یہ شرح 64.6 فیصد رہنے کی توقع ہے۔


Comments