شنگھائی تعاون تنظیم فورم: وفاقی وزیر مصدق ملک نئی دہلی پہنچ گئے
- پاکستان کے ناظم الامور نے وفاقی وزیر کا نئی دہلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک ایس سی او سِولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لئے نئی دہلی پہنچ گئے۔
وزرات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک ایس سی او سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں پاکستانی وفدکی قیادت کریں گے جہاں رکن ممالک کے مشترکہ تہذیبی ورثے اور ثقافتی روابط بارے تبادلہ خیال ہوگا۔
پاکستانی وفد کی شرکت کا مقصد علاقائی تہذیبی ورثے کے فروغ اور ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
پاکستان کے ناظم الامور نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کا نئی دہلی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کے تناظر میں ہورہا ہے جو 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان چار روزہ فوجی تصادم کے بعد مزید خراب ہو گئے تھے۔ یہ تصادم دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کئی دہائیوں کی بدترین جھڑپوں میں شمار ہوتا ہے۔
14 نومبر کو دفترِ خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ مصدق ملک نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے آخری اعلیٰ سطح دورہ اُس وقت کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کیا تھا جو مئی 2023 میں ایس سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کے شہر گوا گئے تھے۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ایک علاقائی سیاسی اور سلامتی کی تنظیم ہے جس کے 10 رکن ممالک میں پاکستان، بھارت، چین اور روس بھی شامل ہیں۔


Comments