پاکستانی فضائی حدود میں بھارتی طیاروں کی پروازوں پر پابندی 24 دسمبر تک برقرار
- پابندی میں ایک بار پھر توسیع، ایئرلائنز کو اضافی اخراجات اور طویل فضائی سفر کا سامنا
پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید توسیع کرتے ہوئے اسے 24 دسمبر تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ نوٹس ٹو ایئرمین (نوٹم) کے مطابق پابندی 24 دسمبر کو صبح 4 بج کر 59 منٹ تک نافذ رہے گی۔
نوٹم کے تحت بھارتی رجسٹریشن کے حامل طیاروں کے علاوہ بھارتی ایئرلائنز کی ملکیت، زیرِ انتظام یا لیز پر حاصل کیے گئے طیارے بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
پی اے اے کے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق بھارتی فوجی پروازوں پر بھی ہوگا۔
اس سے قبل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے 17 اکتوبر کو جاری کردہ سرکاری نوٹس کے ذریعے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں 24 نومبر 2026 کو صبح 4 بج کر 59 منٹ تک توسیع کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان نے 2025 میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کی تھیں۔
اس پابندی میں اب تک متعدد مرتبہ توسیع کی جا چکی ہے اور تازہ فیصلے کے تحت یہ مزید ایک ماہ تک برقرار رہے گی۔
پابندی کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اب تک لاکھوں ڈالر کے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑے ہیں، کیونکہ انہیں متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں بھارت سے یورپ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا جانے والی پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔


Comments