چین میں ایپک اجلاس کے موقع پر جاپانی وزیراعظم تاکائچی اور پیوٹن کے درمیان ملاقات
- جاپانی حکومت کے مطابق وزیراعظم سانائے تاکائچی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان بدھ کو چین میں ایپک سربراہی اجلاس کے موقع پر رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ عشائیے کے بعد بات چیت ہوئی
جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائچی نے چین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
جاپانی حکومت کے ترجمان منورو کیہارا نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم تاکائچی نے روس میں زیرحراست جاپانی شہری اور روس میں جاپانی کمپنیوں کے تحفظ سمیت مختلف معاملات پر صدر پیوٹن سے بات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات بدھ کو ایپک اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ عشائیے کے بعد ہوئی۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مختلف سطحوں پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب اقدامات جاری رکھے گا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے دوران ہوئی ہے۔ گزشتہ ماہ جاپانی وزیر خارجہ نے روس سے زیرحراست جاپانی صحافی کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ رواں ماہ جاپان ٹوبیکو کمپنی نے بتایا کہ روس میں اس کے تمام ادارے عارضی انتظامی کنٹرول میں دے دیے گئے ہیں۔


Comments