نینو قرضوں پر سالانہ شرحِ سود کی حد 274 سے کم کرکے 90 فیصد مقرر
- اس اقدام کا مقصد قرض لینے والوں کے حقوق اور تحفظ کو مزید مضبوط بنانا اور قرضوں کی ذمہ دارانہ فراہمی کے طریقہ کار کو فروغ دینا ہے، ایس ای سی پی
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ڈیجیٹل نینو قرضوں پر قرض دہندگان کی جانب سے وصول کی جانے والی زیادہ سے زیادہ لاگت میں نمایاں کمی کردی ہے، جس کے تحت نئے قرض لینے والوں کے لیے سالانہ شرحِ منافع (اے پی آر) کی حد 274 فیصد سے کم کرکے 90 فیصد جبکہ دوبارہ قرض لینے والوں کے لیے 70 فیصد مقرر کردی گئی ہے۔
ریگولیٹری ادارے کے مطابق اس اقدام کا مقصد قرض لینے والوں کے تحفظ کو مضبوط بنانا اور قرضوں کی ذمہ دارانہ فراہمی کے طریقہ کار کو فروغ دینا ہے۔ اس حوالے سے ایس ای سی پی نے بدھ کو اعلان کیا۔
ایس ای سی پی نے سرکلر نمبر 26 برائے 2026 جاری کرتے ہوئے اپنے سابقہ سرکلر نمبر 12 برائے 2024 میں ترمیم کی ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل نینو قرضوں پر زیادہ سے زیادہ قابلِ اجازت سالانہ شرحِ منافع کو معقول بنانا ہے۔ نئی شرائط 50 ہزار روپے تک کے قرضوں پر لاگو ہوں گی، جن کی واپسی کی زیادہ سے زیادہ مدت 90 روز مقرر کی گئی ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق نینو قرضے چھوٹی مالیت کے، مختصر مدت کے اور بغیر ضمانت فراہم کیے جانے والے ڈیجیٹل قرضے ہوتے ہیں، جن کی منظوری اور رقم کی فراہمی موبائل ایپس یا ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جاتی ہے اور اس کے لیے کسی ضمانت کی ضرورت نہیں ہوتی۔
نئی مقرر کردہ حدود کے تحت نئے قرض لینے والوں کے لیے قرض کی یومیہ زیادہ سے زیادہ لاگت اصل رقم کا تقریباً 0.2466 فیصد جبکہ دوبارہ قرض لینے والوں کے لیے 0.1918 فیصد ہوگی۔ مثال کے طور پر 10 ہزار روپے کے قرض پر نئے صارف کو یومیہ تقریباً 24 روپے 66 پیسے جبکہ دوبارہ قرض لینے والے کو 19 روپے 18 پیسے ادا کرنا ہوں گے۔ ان رقوم میں قرض سے متعلق تمام اخراجات، بشمول منافع، پراسیسنگ فیس اور پلیٹ فارم چارجز شامل ہوں گے۔ اس سے قبل 274 فیصد کی مقررہ حد کے تحت 10 ہزار روپے کے قرض پر 14 روز کے اخراجات تقریباً ایک ہزار 51 روپے بنتے تھے۔
سرکلر کے تحت دوبارہ قرض لینے والے صارفین کے لیے کم شرح کا اطلاق خودکار طور پر کرنا لازمی ہوگا۔ سرکلر میں دوبارہ قرض لینے والے صارف کی تعریف ایسے شخص کے طور پر کی گئی ہے جس نے اسی قرض دہندہ سے حاصل کیا گیا اپنا تازہ ترین قرض مقررہ مدت کے اندر مکمل طور پر واپس کردیا ہو۔
سرکلر میں قرض پر منافع کی مرکب شرح (کمپاؤنڈنگ) عائد کرنے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ قرض دہندگان کو قبل از وقت قرض کی ادائیگی کی اجازت دینا ہوگی اور اس صورت میں چارجز صرف ان دنوں کے حساب سے وصول کیے جاسکیں گے جن کے دوران قرض کی رقم واجب الادا رہی۔ قرض کی خودکار تجدید (رول اوور) بھی ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔ قرض کی مدت میں توسیع یا شرائط کی ازسرنو ترتیب کے لیے صارف کی واضح درخواست ضروری ہوگی، جبکہ اس سے پہلے اسے نئی شرائط کے تحت روپے اور سالانہ شرحِ منافع کی صورت میں مکمل اخراجات سے آگاہ کرنا ہوگا۔
قرض لینے والوں کو مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد تین روز کی مہلت بھی دی جائے گی، جس کے دوران تاخیر سے ادائیگی پر کوئی اضافی چارجز عائد نہیں کیے جاسکیں گے۔ اس مہلت کے بعد جرمانہ صرف واجب الادا اصل رقم پر وصول کیا جاسکے گا اور اس کی شرح مقررہ یومیہ حد سے زیادہ نہیں ہوگی۔ قرض کی اصل رقم، منافع، فیسوں، دیگر چارجز اور جرمانوں سمیت مجموعی وصولی اصل قرض کی رقم کے دگنے سے زیادہ نہیں ہوسکے گی۔
بیان کے مطابق ایس ای سی پی نینو قرض لینے والے صارفین کا ایک ڈیجیٹل ریکارڈ بھی تیار کررہا ہے، جس کے ذریعے قرض دہندگان مزید قرض دینے سے قبل صارف کے پہلے سے موجود قرضوں کی تفصیلات چیک کرسکیں گے۔ اگر کوئی صارف پہلے سے حاصل کردہ قرضوں کی ادائیگی میں مشکلات کا شکار ہو تو دیگر قرض دہندگان اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید قرض فراہم کرنے میں احتیاط برت سکیں گے۔


Comments