پیوٹن کو ٹرمپ اور شی جن پنگ سے سہ فریقی ملاقات سے بڑے فوائد کی توقع
- پیوٹن جمعرات کو ٹرمپ اور شی جن پنگ سے بات چیت کرنے والے ہیں
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ انہیں رواں ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی رہنما شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی سہ فریقی ملاقات سے بڑے فوائد حاصل ہونے کی توقع ہے۔
پیوٹن جمعرات کو ٹرمپ اور شی جن پنگ سے بات چیت کرنے والے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو چین کے جنوبی شہر شینژن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز سمٹ 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
روسی صدر نے عالمی معیشت میں تقسیم اور فوجی و سیاسی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنہائی کے بجائے شراکت داری ضروری ہے، جبکہ ایپیک خیالات کے تعمیری تبادلے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں روس، چین اور امریکا کے رہنماؤں کے درمیان آئندہ سہ فریقی ملاقات سے بڑے فوائد کی توقع ہے، جو ایپیک سمٹ کے موقع پر منعقد ہوگی۔
پیوٹن نے بدھ کو چینی صدر شی جن پنگ سے دوطرفہ ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چین اور روس کی خارجہ پالیسی میں شراکت داری عالمی سطح پر مستحکم اور مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو جامع تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں اور کثیر قطبی عالمی نظام کی جانب پیش رفت میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق چین اور روس کے تعلقات مختلف مشکلات کے باوجود مضبوط رہے ہیں۔


Comments