امریکی شرح سود میں اضافے کے خدشات، سونا ایک سال کی کم ترین سطح پر آگیا
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.4 فیصد کمی کے بعد 3,796.37 ڈالر فی اونس ہوگئی، جو ستمبر 2025 کے بعد کم ترین سطح ہے
عالمی مارکیٹ میں بدھ کو سونے کی قیمتوں میں 1 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد قیمتیں ایک سال سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر آگئیں۔ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات نے سونے کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا، جبکہ سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کے اجلاس کی تفصیلات کے منتظر ہیں تاکہ آئندہ مالیاتی پالیسی سے متعلق اشارے حاصل کیے جاسکیں۔
رپورٹس کے مطابق بدھ کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.4 فیصد کمی کے بعد 3,796.37 ڈالر فی اونس ہوگئی، جو ستمبر 2025 کے بعد کم ترین سطح ہے۔ اسی طرح امریکی گولڈ فیوچرز کے دسمبر میں فراہمی کے سودے 1.7 فیصد کمی سے 3,799.30 ڈالر فی اونس پر آگئے۔
او اے این ڈی اے کے سینئر مارکیٹ تجزیہ کار کیلون وونگ کے مطابق سونے کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجوہات مارکیٹ کا منفی رجحان اور تکنیکی عوامل ہیں۔ فیڈرل ریزرو حکام کی جانب سے سخت مالیاتی پالیسی کے اشاروں اور امریکی ٹریژری بانڈز کے منافع میں اضافے نے ڈالر کو مزید مضبوط کیا ہے۔
امریکی ڈالر 19 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا، جس سے دیگر کرنسیوں میں خریداری کرنے والوں کے لیے سونا مہنگا ہوگیا۔
نیویارک فیڈ کے صدر جان ولیمز نے کہا ہے کہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے شرح سود میں مزید اضافہ ضروری ہوسکتا ہے۔ مارکیٹ میں دسمبر میں شرح سود 0.25 فیصد بڑھنے کے امکانات 95.7 فیصد جبکہ 0.50 فیصد اضافے کے امکانات 4.3 فیصد ہیں۔
دریں اثنا دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 2.9 فیصد کمی سے 46.01 ڈالر، پلاٹینم 1.3 فیصد کمی سے 1,410.64 ڈالر اور پیلیڈیم 1.9 فیصد کمی سے 952.04 ڈالر فی اونس ہوگیا۔


Comments