BR100 Increased By (0.17%)
BR30 Increased By (0.11%)
KSE100 Increased By (0.27%)
KSE30 Increased By (0.25%)
BAFL 60.80 Increased By ▲ 0.26 (0.43%)
BIPL 24.41 Increased By ▲ 0.16 (0.66%)
BOP 31.21 Decreased By ▼ -0.02 (-0.06%)
CNERGY 11.70 Decreased By ▼ -0.01 (-0.09%)
DFML 15.69 Increased By ▲ 0.03 (0.19%)
DGKC 204.00 Increased By ▲ 1.99 (0.99%)
FABL 95.91 Increased By ▲ 0.06 (0.06%)
FCCL 60.85 Increased By ▲ 0.21 (0.35%)
FFL 14.83 Increased By ▲ 0.06 (0.41%)
GGL 19.82 Decreased By ▼ -0.07 (-0.35%)
HBL 309.51 Increased By ▲ 1.29 (0.42%)
HUBC 207.69 Increased By ▲ 0.67 (0.32%)
HUMNL 8.30 Decreased By ▼ -0.09 (-1.07%)
KEL 6.30 Decreased By ▼ -0.04 (-0.63%)
LOTCHEM 24.89 Increased By ▲ 0.17 (0.69%)
MLCF 106.08 Increased By ▲ 1.18 (1.12%)
OGDC 316.12 Decreased By ▼ -0.09 (-0.03%)
PAEL 35.86 Increased By ▲ 0.30 (0.84%)
PIBTL 14.13 Increased By ▲ 0.13 (0.93%)
PIOC 276.00 Increased By ▲ 2.47 (0.9%)
PPL 227.60 Increased By ▲ 0.37 (0.16%)
PRL 80.22 Decreased By ▼ -0.65 (-0.8%)
SNGP 94.51 Decreased By ▼ -0.03 (-0.03%)
SSGC 23.81 Increased By ▲ 0.06 (0.25%)
TELE 7.70 Increased By ▲ 0.22 (2.94%)
TPLP 13.00 Increased By ▲ 0.08 (0.62%)
TRG 53.40 Increased By ▲ 0.05 (0.09%)
UNITY 8.99 Decreased By ▼ -0.34 (-3.64%)
WTL 1.31 Decreased By ▼ -0.07 (-5.07%)
اداریہ

بجلی کی قیمتوں کا تعین، اصل لاگت سے لاعلمی

  • سوال یہ ہے کہ کیا بجلی کے شعبے کے انتظام میں درست اعداد و شمار جاننا اب اختیاری چیز بن چکا ہے؟
شائع اپ ڈیٹ

بظاہر پاکستان یہ طے کرسکتا ہے کہ بجلی کی قیمت کیا ہونی چاہیے، اس بات کا تعین کیے بغیر کہ اس کی اصل لاگت کتنی ہے۔ صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے نیپرا کی جانب سے انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج (اضافی بجلی استعمال کرنے کا پیکیج) کے نرخ 22.98 روپے سے بڑھا کر 25.30 روپے فی یونٹ کرنے کی عبوری منظوری اس لیے خاص طور پر قابلِ ذکر ہے کہ ریگولیٹر خود تسلیم کرتا ہے کہ بجلی کی اضافی کھپت کی بنیادی حدی لاگت (مارجنل کاسٹ) کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوسکی۔

ایک ایسی اسکیم، جس کا مقصد دوسرے صارفین پر بوجھ ڈالے بغیر بجلی کی کھپت بڑھانے کی ترغیب دینا تھا، اب ایسے حساب کتاب کی بنیاد پر جاری رکھی جارہی ہے جس کی ساکھ پر خود اس کے متعلقہ ارکان متفق نہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا بجلی کے شعبے کے انتظام میں درست اعداد و شمار جاننا اب اختیاری چیز بن چکا ہے؟

اس اسکیم کا ابتدائی مقصد معقول تھا۔ صنعتی شعبے کی بجلی کی طلب قومی گرڈ سے بتدریج منتقل ہورہی تھی، جبکہ بجلی پیدا کرنے کی اضافی صلاحیت بدستور مقررہ اخراجات کا سبب بن رہی تھی۔ ایسے میں صنعتی اور زرعی شعبوں میں اضافی بجلی کی کھپت کی حوصلہ افزائی معاشی اعتبار سے مناسب اقدام تھا۔ تاہم دسمبر 2025 میں متعارف کرائی گئی اس اسکیم کے تحت ہر چھ ماہ بعد جائزہ لینا ضروری تھا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اضافی یونٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی ان کی فراہمی کی لاگت کو پورا کرتی ہے۔

اسکیم کی تجویز دینے والا ادارہ، پاور ڈویژن، ضروری تجزیہ فراہم کرنے کا بھی ذمہ دار تھا۔ جب پہلے جائزے کا وقت آیا تو اس نے نامکمل معلومات فراہم کیں، لاگت کے درست حساب کتاب کے لیے بار بار کی گئی درخواستوں پر عمل نہیں کیا اور بالآخر تجویز پیش کردی کہ نیپرا خود یہ مشق انجام دے۔ پاور ڈویژن نے اپنی فراہم کردہ تفصیلات کا تجزیہ کرنے کی ذمہ داری بھی قبول کرنے سے اختلاف کیا، جو اس ادارے کی جانب سے ایک غیر معمولی مؤقف ہے جس نے خود یہ پالیسی تیار کی تھی۔

اور یہ محض حساب کتاب میں کوئی معمولی غلطی نہیں تھی۔ ریگولیٹر نے اضافی بجلی کی کھپت کے تقریباً 3,969 گیگاواٹ آورز کا جائزہ لیا اور صارفین کی سطح پر عارضی حدی لاگت 29.65 روپے فی یونٹ مقرر کی۔ تاہم اس تخمینے کو بھی ناقابلِ اعتماد قرار دیا گیا، کیونکہ بجلی کی پیداوار کے ریکارڈ، ایندھن کی لاگت میں ردوبدل اور آپریشنل مفروضوں میں مناسب مطابقت پیدا نہیں کی گئی تھی۔

پاور ڈویژن کی جانب سے تجویز کردہ 25.30 روپے فی یونٹ کا نرخ ایندھن کی قیمتوں میں تازہ تبدیلیوں کو شامل کرکے تیار کیا گیا، جبکہ اسکیم کے ابتدائی ڈیزائن میں فرض کردہ بجلی کی پیداواری مکس کو برقرار رکھا گیا۔ پرانے مفروضوں پر صرف قیمتوں کے نئے اعداد و شمار لاگو کردینا، اس بات کی پیمائش کرنے کا ایک اختراعی متبادل ضرور ہوسکتا ہے کہ حقیقت میں کیا ہوا، لیکن قومی ٹیرف پالیسی کی بنیاد بنانے کے لیے یہ ہرگز کوئی قابلِ اعتماد طریقہ نہیں۔

نیپرا کے اندر اس معاملے پر اختلاف نے شرمندگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ دو ارکان نے قابلِ تصدیق لاگت کے اعداد و شمار دستیاب ہونے تک اسکیم معطل کرنے کی حمایت کی۔ تاہم چیئرمین نے اپنا فیصلہ کن ووٹ استعمال کرتے ہوئے اسے عبوری طور پر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی مطلوبہ تجزیہ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس فیصلے سے ایک ایسی ترغیبی اسکیم برقرار رہتی ہے جو واقعی مفید ہوسکتی ہے، لیکن اس کے ساتھ حکام ایک ایسی قیمت کا دفاع بھی کررہے ہیں جس کی معاشی بنیاد ابھی تک غیر واضح ہے۔

کاروباری اداروں کو بجلی کی قابلِ پیش گوئی لاگت درکار ہوتی ہے۔ وہ اس سے زیادہ مستحق ہیں کہ انہیں ایک عارضی نرخ دے دیا جائے اور ساتھ یہ وعدہ کیا جائے کہ اس کے درست حساب کتاب بعد میں فراہم کردیے جائیں گے۔

اصل خطرہ ان صارفین کے حوالے سے ہے جو اس اسکیم سے مستفید نہیں ہورہے۔ اگر ترغیبی نرخ کے تحت فراہم کی جانے والی بجلی کی لاگت مستفید ہونے والے صارفین کی ادا کردہ قیمت سے زیادہ ہو تو یہ فرق فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایندھن کی لاگت میں ردوبدل) کے ذریعے عام صارفین پر منتقل ہوسکتا ہے۔ اضافی بجلی کے یونٹس کو سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ سے خارج کرنے کے نتیجے میں بھی اخراجات کا بوجھ ان صارفین کی طرف منتقل ہوسکتا ہے جنہیں کبھی ترجیحی نرخ کی سہولت حاصل ہی نہیں ہوئی۔

اس طرح سبسڈی سے پاک قرار دی جانے والی ایک اسکیم بلنگ کے نظام کے ذریعے اخراجات کی ازسرنو تقسیم کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ اس کی حقیقی مالی مقدار کے بارے میں شفافیت بھی ناکافی ہے۔ یہ غفلت کا نتیجہ ہے، ادارہ جاتی بدانتظامی کا یا ایسے گہرے مسائل کا جن کی مزید تحقیقات ضروری ہیں، بہرحال اس صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لینا ناگزیر ہے۔

اور آخر کب تک بجلی کے ہر غیر مقبول بل کا جواز آئی ایم ایف کا حوالہ دے کر پیش کیا جاتا رہے گا؟ بلاشبہ عالمی مالیاتی فنڈ مالیاتی اور توانائی کے شعبے سے متعلق شرائط عائد کرتا ہے۔ لیکن وہ پاور ڈویژن کے نامکمل جائزے تیار نہیں کرتا، اس کے بجلی کی ترسیل اور پیداوار کے اعداد و شمار میں مطابقت پیدا کرنے کا ذمہ دار نہیں اور نہ ہی پرانے پیداواری مفروضوں پر انحصار کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ یہ ذمہ داریاں مکمل طور پر پاکستان کے اپنے اداروں کی ہیں۔

بیرونی پابندیوں کو موردِ الزام ٹھہرانا، جبکہ ملکی حکام اپنی ہی شروع کردہ اسکیموں کے بنیادی معاملات کو نظرانداز کرتے رہیں، جواب دہی سے بچنے کا ایک آسان ذریعہ بن چکا ہے۔

نیپرا نے اب جامع ماڈلنگ اور لاگت کے باہم مطابقت رکھنے والے اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے 25 نومبر اور 3 دسمبر کی آخری تاریخیں مقرر کردی ہیں۔ ان تاریخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جانا چاہیے اور نتائج بھی عوام کے سامنے پیش کیے جانے چاہئیں۔ ان نتائج میں اس بوجھ کا شفاف جائزہ بھی شامل ہونا چاہیے جو اس اسکیم سے مستفید نہ ہونے والے صارفین پر منتقل کیا جاسکتا ہے۔ اگر یہ اسکیم حقیقی لاگت کے مطابق نرخ مقرر کرنے کے اصول کو ثابت کرنے میں ناکام رہتی ہے تو اس کے ڈیزائن اور اسے جاری رکھنے کے فیصلے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔

ملک بجلی کی ایسی پالیسی کا متحمل نہیں ہوسکتا جو محض کتابی اندازوں پر چلائی جائے اور پھر جب اس کا بل عوام کو موصول ہو تو حکام حیرت کا اظہار کرنے لگیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026

Comments

200 حروف