وزیراعظم شہباز شریف کا ای سی او ممالک پر علاقائی وژن کو عملی اقدامات میں ڈھالنے پر زور
- وزیراعظم کا تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ پر زور، مشترکہ وژن کو نتیجہ خیز اقدامات میں ڈھالنے کی ضرورت پر بھی زور دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مشترکہ علاقائی وژن کو ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات میں تبدیل کریں، جبکہ علاقائی روابط، تجارت اور معاشی انضمام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے دورے پر آئے ہوئے معززین کا خیرمقدم کرتے ہوئے علاقائی تنظیم کے مقاصد اور علاقائی تعاون، روابط اور معاشی انضمام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اسلام آباد اعلامیے اور اقتصادی تعاون کے تزویراتی اہداف 2026ء تا 2035ء کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں تنظیم کو مضبوط بنانے اور مشترکہ علاقائی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم سنگ میل قرار دیا۔
پاکستان 2026ء تا 2027ء کے لیے ’’لچکدار ای سی او کے لیے علاقائیت کا احیا‘‘ کے عنوان کے تحت تنظیم کی صدارت کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے تنظیم کے مشترکہ وژن کو ایسے نتیجہ خیز اقدامات میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا جن سے خطے کے عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوسکیں۔
انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری، نقل و حمل اور راہداریوں کے ذریعے علاقائی روابط، توانائی، اطلاعات و مواصلاتی ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے علاقائی معاشی انضمام کی رفتار تیز کرنے کے لیے ای سی او کے موجودہ معاہدوں پر عمل درآمد اور ادارہ جاتی طریقہ کار کو مضبوط بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
پاکستان کے تزویراتی جغرافیائی محلِ وقوع کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے علاقائی روابط بہتر بنانے کے لیے سڑکوں، ریلوے اور ذرائع نقل و حمل کے مختلف طریقوں پر مشتمل راہداریوں کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے بالخصوص کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں کی صلاحیت کو اجاگر کیا، جو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرسکتی ہیں، خصوصاً ای سی او کے ان رکن ممالک کو جو خشکی میں گھرے ہوئے ہیں اور جنہیں سمندر تک براہِ راست رسائی حاصل نہیں۔
علاقائی سلامتی کے حوالے سے شہباز شریف نے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی استحکام کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے ای سی او کے رکن ممالک کو لاہور کو 2027ء کے لیے ای سی او کا سیاحتی دارالحکومت قرار دیے جانے کے حوالے سے تقریبات میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم نے تنظیم کی صدارت کے دوران ای سی او کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام رکن ممالک اور تنظیم کے سیکریٹریٹ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments