سپلائی سرپلس کا امکان، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی
- برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 47 سینٹ یا 0.49 فیصد کمی کے بعد 95.37 ڈالر فی بیرل پر آگئے
عالمی مارکیٹ میں پیر کو خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ مشرق وسطیٰ سے آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل کا جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب بحال ہونا اور امریکا کی جانب سے ایندھن کی ترسیل میں سہولت کے اقدامات ہیں۔
پیر کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 47 سینٹ یا 0.49 فیصد کمی کے بعد 95.37 ڈالر فی بیرل پر آگئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 23 سینٹ یا 0.26 فیصد گر کر 88.33 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اس سے قبل جمعے کو بھی تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی، کیونکہ مارکیٹ میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے باعث پیدا ہونے والے جغرافیائی سیاسی خطرات میں کمی کے اشاروں کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔ گزشتہ ہفتے برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمتوں میں بالترتیب 16 اور 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے جمعے کو کہا تھا کہ رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں عالمی تیل مارکیٹ میں سپلائی طلب سے بڑھ جائے گی، کیونکہ مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات عالمی طلب کے مقابلے میں تیزی سے بحال ہو رہی ہیں۔
ایجنسی کے مطابق چوتھی سہ ماہی میں تیل کی اوسط سپلائی 10 کروڑ 50 لاکھ بیرل یومیہ رہنے کا امکان ہے، جو متوقع طلب سے 17 لاکھ بیرل یومیہ زیادہ ہوگی۔ اس سے قبل آئی ای اے نے اسی عرصے میں سپلائی کی کمی کی پیش گوئی کی تھی۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق پہلی مرتبہ امریکا ایران تنازع شروع ہونے کے بعد تاجروں نے تیل کی مسلسل قلت کے بجائے اضافی سپلائی کے امکان پر غور شروع کیا ہے، جس سے قیمتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جونز ایکٹ سے 90 روزہ استثنیٰ میں توسیع کردی ہے، جس کے تحت غیر ملکی پرچم بردار جہازوں کو امریکی بندرگاہوں کے درمیان تیل، پٹرول اور ڈیزل کی ترسیل کی اجازت برقرار رہے گی۔ اس اقدام سے تیل کی نقل و حمل کے لیے دستیاب جہازوں کی تعداد بڑھنے کی توقع ہے۔
تاہم آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو درپیش خطرات کے باعث شپنگ کرائے بدستور بلند ہیں، جو تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ ادھر ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اتوار کی شب آبنائے ہرمز کے مشرق میں بحری سرنگ سے ٹکرا کر ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ رائٹرز اس واقعے کی آزادانہ تصدیق نہیں کرسکا۔


Comments