پاکستان کے وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ایس سی او مکالمے میں شرکت کے لیے نئی دہلی جائیں گے
- دفتر خارجہ کے مطابق تقریب میں تہذیبی مکالمے اور ثقافتی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا
پاکستان نے اپنے وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق مسعود ملک کو رواں ماہ کے آخر میں نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے نامزد کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ہفتے کے روز بتایا کہ یہ تین سال سے زائد عرصے میں کسی پاکستانی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہوگا۔
دفتر خارجہ نے ایک پریس ریلیز میں کہا، ’’حکومت پاکستان نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کو 20 سے 22 نومبر 2026ء تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔‘‘
بیان کے مطابق اس تقریب میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے، جہاں تہذیبی مکالمے اور ثقافتی تفہیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان باہمی احترام کے جذبے کے تحت شنگھائی تعاون تنظیم کے دائرہ کار میں تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
یہ پیش رفت بھارت کی جانب سے پاکستان سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے متعدد رکن ممالک کو دعوت نامے بھیجے جانے کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔
یہ مکالمہ نئی دہلی کے تاریخی مقام پُرانا قلعہ میں منعقد ہوگا، جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔


Comments