جنوبی کوریا کو چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، وزیر خارجہ
- آئندہ ہفتے چین میں ہونے والے علاقائی سربراہی اجلاس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید گہرا کرنے پر زور
جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون نے ہفتے کے روز کہا کہ جنوبی کوریا کو نہ تو چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے خوفزدہ ہونا چاہیے اور نہ ہی اس کی صلاحیتوں کو کم تر سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے آئندہ ہفتے چین میں ہونے والے علاقائی سربراہی اجلاس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید گہرا کرنے پر زور دیا۔
چو ہیون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ چین کے اس دورے کے دوران مجھے احساس ہوا کہ ہمیں نہ تو چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے بلاوجہ خوفزدہ ہونا چاہیے اور نہ ہی اس کی صلاحیتوں اور امکانات کو کم تر سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کو اپنے عوام اور کمپنیوں کی خودمختاری اور تخلیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسا تعاون فروغ دینا چاہیے جو دونوں ممالک کے لیے مفید ہو۔
چو ہیون کا یہ بیان جمعہ کے روز بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ مذاکرات اور عشائیے کے بعد سامنے آیا۔ تقریباً تین ماہ کے عرصے میں دونوں وزرائے خارجہ کی یہ پہلی ملاقات تھی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات، جزیرہ نما کوریا کی صورتحال اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے ٹھوس فوائد کے حصول کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ ملاقات ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) کے رہنماؤں کے سربراہی اجلاس سے قبل ہوئی جو 18 اور 19 نومبر کو چین کے شہر شینزن میں منعقد ہوگا۔ جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سیول کے مطابق،صدر لی جے میونگ چین کے صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔
توقع ہے کہ اس سربراہی اجلاس میں دنیا کے کئی اہم رہنما شریک ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ جمعرات کو اے پیک سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے جس کے ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں میں کمی سمیت دیگر امور شامل ہوں گے۔


Comments