عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے کمی کا امکان
- برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت ایک سینٹ کمی کے بعد 95.41 ڈالر فی بیرل ہوگئی
عالمی منڈی میں جمعہ کو خام تیل کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا، تاہم مسلسل دوسرے ہفتے بھی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ امریکا کی جانب سے ایران کی ناکہ بندی جاری رکھنے کے اعلان سے مشرقِ وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر دوبارہ جنگ چھڑنے کے امکانات کم ہوگئے جس سے خطے سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ بھی گھٹ گیا ہے، تاہم بحری جہازوں پر حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت ایک سینٹ کمی کے بعد 95.41 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 20 سینٹ یا 0.25 فیصد کمی سے 88.52 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
جمعہ کو قیمتوں میں ہونے والی کمی نے دو روزہ اضافے کا رجحان ختم کردیا۔ کاروباری ہفتے کے دوران تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ رہا۔ اس سے قبل امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ (جو اب نویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے) میں کشیدگی کم ہونے کی امیدیں پیدا ہوئی تھیں، تاہم سعودی عرب کے بنیادی ڈھانچے پر یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں اور خلیج سے خام تیل لے جانے والے ٹینکروں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات نے ان امیدوں کو متاثر کیا۔
جنگ کے غیر فیصلہ کن رہنے کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود برینٹ خام تیل اس ہفتے 2.4 فیصد کمی کے ساتھ کاروبار کے اختتام کی جانب گامزن ہے، جبکہ گزشتہ ہفتے اس کی قیمت میں 16 فیصد کی نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں اس ہفتے 2.5 فیصد کم ہونے کا امکان ہے جبکہ اس سے گزشتہ ہفتے 13 فیصد کمی ہوئی تھی۔
جمعہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دیے گئے بیان کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ معاہدہ ضروری نہیں جس سے اشارہ ملتا ہے کہ امریکا تیل کی ترسیل اور تجارت کی ناکہ بندی کے ساتھ اقتصادی پابندیاں بھی برقرار رکھے گا۔
آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں قائم بروکریج کمپنی مائی ٹریڈ کے عالمی مشیر کرس برینکن نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران قیمتوں میں مجموعی کمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ نے ممکنہ خطرات کا درست اندازہ لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس وقت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تمام ممکنہ عوامل پہلے ہی شامل ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں کچھ بحالی ضرور ہوئی ہے، تاہم تاجروں کی جانب سے اس حوالے سے زیادہ اعتماد کا اظہار نہیں کیا جارہا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
قیمتوں میں کمی کے باوجود آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کو بدستور خطرات لاحق ہیں۔ یہ اہم سمندری گزرگاہ مشرقِ وسطیٰ کے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی خام تیل کی برآمدات کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔
جمعرات کو ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ وارننگ نظرانداز کرنے پر آبنائے ہرمز میں چار آئل ٹینکروں کو دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا۔ تاہم رائٹرز فوری طور پر ایرانی حکام کے اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں کرسکا۔
اسی روز یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سعودی عرب کی مشرقی-مغربی تیل پائپ لائن کے ایک پمپنگ اسٹیشن، بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع میں تیل کی ایک تنصیب اور دارالحکومت ریاض میں آرامکو کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا۔
تیل کی قیمتوں پر دباؤ کی ایک اور وجہ امریکا میں خام تیل اور ایندھن کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے اضافہ بھی ہے۔ امریکی ادارے انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (ای آئی اے) نے جمعرات کو بتایا کہ ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی طلب میں کمی اور تیل کی درآمدات میں اضافے کے باعث ذخائر بڑھے ہیں۔
ای آئی اے کے مطابق 6 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکی خام تیل کے ذخائر میں 47 لاکھ بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد یہ بڑھ کر 41 کروڑ 44 لاکھ بیرل ہوگئے۔ اس کے برعکس رائٹرز کے سروے میں تجزیہ کاروں نے ذخائر میں 11 لاکھ بیرل کمی کی توقع ظاہر کی تھی۔


Comments