غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملہ، سرجن سمیت 6 افراد جاں بحق
- حماس اسپتال کے احاطے کو فوجی کارروائیوں کے کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کر رہی تھی، اسرائیلی فوج
غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں واقع ناصر اسپتال کی ایک عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک سرجن سمیت کم از کم چھ افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے ترجمان محمود باسل نے جمعرات کی علی الصبح خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ حملے میں اسپتال کا شعبہ جراحی نشانہ بنا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
اسرائیلی فوج نے بعدازاں دعویٰ کیا کہ اس نے حماس کے ایک سینئر جنگجو اور تنظیم کے مسلح ونگ کے دیگر ارکان کو نشانہ بنایا جو اس کے بقول خان یونس کے اسپتال کے اندر سرگرم تھے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں الزام عائد کیا کہ حماس اسپتال کے احاطے کو فوجی کارروائیوں کے کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کر رہی تھی جہاں اسلحہ ذخیرہ کرنے کے علاوہ کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم تھے اور اسپتال کی سہولتوں کو جنگجوؤں کے لیے نگرانی کی چوکیوں اور پناہ گاہوں کے طور پر بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔
رائٹرز اسرائیلی فوج کے ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کرسکا۔
غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں اسپتال کا شعبہ جراحی نشانہ بنا جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
طبی عملے نے جاں بحق ہونے والے سرجن کی شناخت رزق ابوشیرا کے نام سے کی۔ اسپتال کے اندر سے رائٹرز کی ویڈیو میں تباہی کے مناظر دکھائی دیے، کمروں میں ملبہ اور فرنیچر بکھرا ہوا تھا، جبکہ تباہ شدہ چھتوں سے تاریں لٹک رہی تھیں۔
حملے کے بعد لوگوں کو زخمیوں کو اسٹریچروں پر اٹھا کر ملبے سے بھرے راہداریوں سے لے جاتے دیکھا گیا جبکہ دیگر افراد زخمیوں کو تباہ شدہ حصوں سے باہر نکلنے میں مدد دے رہے تھے۔ فائر فائٹرز اسپتال کے باہر امدادی کارروائیوں میں مصروف تھے اور اس دوران کئی لاشیں بھی وہاں سے منتقل کی گئیں۔
حماس کے ترجمان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی جنگی جرم قرار دیا۔
اسرائیل نے غزہ پر اپنے حملوں میں تیزی لاتے ہوئے کہا ہے کہ حماس دوبارہ منظم ہونے اور اپنے اسلحے کے ذخیرے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ وہ ایک سال قبل طے پانے والی جنگ بندی پر قائم ہے اور اسرائیل پر معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کرتی ہے۔
علاقے کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 1,600 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس دوران اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اکتوبر 2023 میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملے شروع کیے جانے کے بعد سے اب تک 74 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اسرائیل نے یہ کارروائی جنوبی اسرائیل پر حماس کے مسلح افراد کے حملے کے بعد شروع کی تھی، جس میں اسرائیلی دعوے کے مطابق تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


Comments