شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش واپسی کیلئے نئے پاسپورٹ کی درخواست دیدی
- شیخ حسینہ نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آکر عدالت کے سامنے خود کو پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں
بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ نے پیر کو نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست دے دی ہے، تاکہ وہ بھارت میں خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے وطن واپس آسکیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 2024 میں ملک چھوڑنے کے بعد یہ ان کی جانب سے اس نوعیت کا پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔
لندن میں قائم قانونی فرم میٹرکس چیمبرز کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان کو خط لکھ کر درخواست کی کہ منسوخ کیے گئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کی جگہ نئی دستاویزات جاری کی جائیں۔ خط میں درخواست پر جلد کارروائی کرنے اور شیخ حسینہ کی بنگلہ دیشی شہریت کو بنیاد بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شیخ حسینہ نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آکر عدالت کے سامنے خود کو پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کے معاونین کے مطابق واپسی کی تاریخ ضروری قانونی اور انتظامی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد بتائی جائے گی۔
بنگلہ دیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے گزشتہ سال نومبر میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے دوران ہلاکت خیز کریک ڈاؤن کا حکم دینے پر ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی، تاہم حسینہ واجد الزامات مسترد کرتی ہیں۔
ان کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے اور متعدد رہنما جیلوں یا جلاوطنی میں ہیں۔ ان کی واپسی سے بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے، تاہم اس سے بھارت کے ساتھ خراب تعلقات بہتر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔


Comments