ڈالیان مارکیٹ میں تیزی: پام آئل کی قیمت 3 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
- برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں پام آئل کے بنیادی معاہدے کی قیمت 10 رنگٹ اضافے کے بعد 4,779 رنگٹ فی میٹرک ٹن ہوگئی
ملائیشین پام آئل کی قیمتیں پیر کو تین ہفتوں سے زائد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جس کی وجہ ڈالیان ایکسچینج میں خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں اضافہ تھا۔
برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں جنوری میں ترسیل کے لیے پام آئل کے بنیادی معاہدے کی قیمت دوپہر کے وقفے تک 10 رنگٹ یا 0.21 فیصد اضافے کے بعد 4,779 رنگٹ (1,171.32 ڈالر) فی میٹرک ٹن ہوگئی۔
گزشتہ ہفتے اس معاہدے کی قیمت میں تقریباً 4 فیصد اضافہ ہوا تھا جو مسلسل دوسرے ہفتے ہونے والا اضافہ ہے۔
کوالالمپور میں مقیم ایک تاجر نے کہا کہ ملائیشیا میں خام پام آئل کے مستقبل کے سودوں کا آغاز ڈالیان ایکسچینج میں ریفائنڈ، بلیچڈ اور ڈیوڈورائزڈ (آر بی ڈی) پام اولین کے سودوں کی قیمتوں میں اضافے کے زیرِ اثر تیزی کے ساتھ ہوا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ملائیشین پام آئل کے ذخائر کی بلند سطح قیمتوں میں مزید اضافے کی گنجائش محدود کرسکتی ہے۔
ڈالیان ایکسچینج میں سویا آئل کے سب سے زیادہ کاروبار والے معاہدے کی قیمت میں 0.62 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پام آئل کے معاہدے کی قیمت 1.21 فیصد بڑھ گئی۔
شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا آئل کی قیمتوں میں 0.13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پام آئل کی قیمتوں میں دیگر خوردنی تیلوں کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا اثر بھی نمایاں ہوتا ہے کیونکہ عالمی نباتاتی تیلوں کی منڈی میں یہ دیگر تیلوں کے ساتھ مسابقت کرتا ہے۔
حکومتی اعدادوشمار کے مطابق پام آئل اور اس سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں کمی کے باعث ستمبر میں ملائیشیا کی زرعی برآمدات 5.7 فیصد گھٹ گئیں۔


Comments