ایران جنگ کے آغاز کے بعد آبنائے ہرمز میں ٹینکرز پر حملے بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
- 28 ستمبر سے 5 اکتوبر کے دوران آبنائے ہرمز کے اطراف تیل، مائع قدرتی گیس اور مائع پٹرولیم گیس لے جانے والے ٹینکرز پر کم از کم 12 حملے ہوئے
آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکرز پر گزشتہ ہفتے حملے ایران جنگ کے آغاز کے بعد کسی بھی ہفتے کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہے۔ بحری سلامتی سے متعلق ذرائع کے مطابق یہ صورتحال خلیجی ممالک کی جانب سے تیل کی برآمدات بڑھانے کی کوششوں کے دوران سامنے آئی ہے۔
امریکی بحریہ کی سربراہی میں قائم جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر (جے ایم آئی سی) نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں حملوں، حملوں کی کوششوں اور ہراساں کرنے کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان سرگرمیوں میں ڈرونز کی پروازیں، نگرانی اور ریڈیو کے ذریعے بحری جہازوں سے رابطہ شامل ہے۔
28 ستمبر سے 5 اکتوبر کے دوران آبنائے ہرمز کے اطراف تیل، مائع قدرتی گیس اور مائع پٹرولیم گیس لے جانے والے ٹینکرز پر کم از کم 12 حملے ہوئے۔ تین بحری سلامتی ذرائع کے مطابق یہ 28 فروری کو امریکا اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد کسی ایک ہفتے میں حملوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے مطابق اسی ہفتے بحری جہازوں سے متعلق 9 واقعات رپورٹ ہوئے، تاہم بحری ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارہ واقعات کی تصدیق اور سرکاری ریکارڈ میں درج کرنے میں زیادہ وقت لیتا ہے۔
ادھر بھارت کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ پاناما کے پرچم بردار آئل ٹینکر آن پیس پر آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے نامعلوم چیز لگنے سے عملے کے 12 ارکان زخمی ہوگئے۔


Comments