پاک بحریہ کی بحیرۂ عرب میں کارروائیاں، 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی
- کارروائیوں کے دوران خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تقریباً 850 کلوگرام آئس اور 2 ہزار کلوگرام بھنگ برآمد کرلی گئی
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بدھ کو بتایا ہے کہ پاک بحریہ نے بحیرۂ عرب میں منشیات کے خلاف دو الگ کارروائیوں کے دوران تقریباً 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کی منشیات قبضے میں لے لیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحیرۂ عرب میں تعینات پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے پاکستانی ساحل سے دور سمندر میں دو کشتیوں کو روکا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران دونوں کشتیوں کے اندر خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تقریباً 850 کلوگرام آئس اور 2 ہزار کلوگرام چرس/بھنگ برآمد کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ قبضے میں لی گئی منشیات تحویل میں لے لی گئی ہیں اور مزید تلفی اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کی جائیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کامیاب کارروائیاں پاک بحریہ کی مسلسل سمندری موجودگی اور مستعدی کے ساتھ ساتھ علاقائی بحری سلامتی اور سمندر میں غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اس کے عزم کی عکاس ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے منشیات کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کو سراہا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے بحری اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائیاں پاکستان کی سمندری حدود میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدام ہیں۔


Comments