محمد اورنگزیب کا مائیکروفنانس شعبے پر کیش فلو کی بنیاد پر قرضوں کی فراہمی پر زور
- متبادل ڈیٹا و ڈیجیٹل کریڈٹ اسکورنگ کا زیادہ استعمال کیا جائے
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بدھ کو مائیکروفنانس شعبے پر زور دیا کہ چھوٹے کاروباروں اور کسانوں کے لیے مالیاتی سہولیات تک رسائی بڑھانے کی خاطر قرضوں کی فراہمی کو کیش فلو کی بنیاد پر منتقل کیا جائے اور متبادل ڈیٹا و ڈیجیٹل کریڈٹ اسکورنگ کا زیادہ استعمال کیا جائے۔
کراچی میں پاکستان مائیکروفنانس نیٹ ورک کے زیر اہتمام 10ویں سالانہ مائیکروفنانس کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ مائیکروفنانس کے شعبے میں بھی ہمیں صرف ضمانت پر انحصار کرنے کے بجائے کیش فلو کی بنیاد پر قرض دینے کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ دو روز کی کانفرنس میں ہونے والی بحث اور تجاویز کے منتظر ہیں۔
وزیر خزانہ نے مائیکروفنانس اداروں پر زور دیا کہ وہ صرف قرضوں کے حجم کو کارکردگی کا پیمانہ بنانے کے بجائے نئے قرض لینے والوں کو مالیاتی نظام میں شامل کرنے پر توجہ دیں، خصوصاً زرعی اور چھوٹے کاروباری شعبوں میں۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے ایکسپورٹ ری فنانس کی حد ایک کھرب روپے سے بڑھا کر 1.5 کھرب روپے کردی ہے، جس میں 20 فیصد سہولت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مختص ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ 21.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جو تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں، جبکہ رواں مالی سال معیشت کی شرح نمو 4 فیصد سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں، نجکاری اور عوامی مالیات کے شعبوں میں ساختی اصلاحات جاری رکھے گی تاکہ حالیہ معاشی استحکام کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جاسکے اور ملک کو ماضی کے معاشی تیزی اور مندی کے چکر میں دوبارہ جانے سے روکا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران پاکستان نے معاشی استحکام کے حصول کی جانب نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اپریل 2025 سے اب تک پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں تین مرتبہ بہتری آئی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار بنیادوں پر معاشی استحکام مضبوط بنانا مستقل معاشی سرگرمیوں کے لیے ضروری ہے اور اس کے ذریعے معیشت کو تیزی اور مندی کے چکروں سے نکالا جاسکتا ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق اگلے مرحلے میں توجہ کھپت پر مبنی معاشی توسیع کے بجائے پائیدار اور ذمہ دارانہ معاشی نمو پر مرکوز کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی سرگرمیوں میں نجی شعبے کے کردار کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

Comments