رواں برس 8 ماہ کے دوران 1 کروڑ 86 لاکھ 60 ہزار موبائل فون تیار
- ملک میں اگست 2026ء کے دوران 1 لاکھ 34 ہزار 501 فائیو جی موبائل ہینڈ سیٹس اسیمبل کیے گئے، جبکہ 2025ء کے دوران یہ تعداد 5 لاکھ 53 ہزار 79 تھی، سرکاری اعداد و شمار
مقامی اسمبلنگ پلانٹس نے سال 2026ء کے پہلے آٹھ مہینوں کے دوران 1 کروڑ 86 لاکھ 60 ہزار موبائل ہینڈ سیٹس تیار کرلیے، جبکہ اس کے مقابلے میں صرف 27 لاکھ 40 ہزار موبائل فون تجارتی بنیادوں پر درامد کیے گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اگست 2026ء کے دوران 1 لاکھ 34 ہزار 501 فائیو جی موبائل ہینڈ سیٹس اسیمبل کیے گئے، جبکہ 2025ء کے دوران یہ تعداد 5 لاکھ 53 ہزار 79 تھی۔
مقامی مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2025ء (جنوری تا دسمبر) کے دوران 3 کروڑ 2 لاکھ 10 ہزار (30.21 ملین) موبائل ہینڈ سیٹس تیار یا اسیمبل کیے، جبکہ تجارتی بنیادوں پر 23 لاکھ 70 ہزار (2.37 ملین) سیٹس درامد کیے گئے تھے۔
مقامی طور پر تیار کردہ 18.66 ملین موبائل ہینڈ سیٹس میں 80 لاکھ اسمارٹ فونز اور 1 کروڑ 10 لاکھ (11 ملین) ’ٹو جی(2G) فونز شامل ہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے نیٹ ورک پر موجود موبائل ڈیوائسز میں 71 فیصد اسمارٹ فونز اور 29 فیصد ’ٹو جی‘ ڈیوائسز ہیں۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں (جولائی تا اگست) کے دوران پاکستان کی موبائل فون درامدات میں 8.85 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ حجم گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 30 کروڑ 7 لاکھ 41 ہزار ڈالر کے مقابلے میں کم ہو کر 27 کروڑ 41 لاکھ 29 ہزار ڈالررہ گیا۔
روپے کی قدر میں دیکھا جائے تو جولائی تا اگست 2026ء کے دوران موبائل فون کی درامدات 10.53 فیصد کمی کے ساتھ 76 ارب 26 کروڑ 70 لاکھ روپے رہیں، جو 2025ء کی اسی مدت میں 85 ارب 24 کروڑ 50 لاکھ روپے تھیں۔
سالانہ بنیادوں پر اگست 2026ء میں موبائل فون درامدات میں 13.82 فیصد کمی درج کی گئی، جو اگست 2025ء کے 15 کروڑ 51 لاکھ 29 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 13 کروڑ 36 لاکھ 95 ہزار ڈالر رہ گئیں۔
ماہانہ بنیادوں پر اگست 2026ء میں موبائل فونز کی درامدات میں جولائی 2026ء کے 14 کروڑ 4 لاکھ 34 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 4.80 فیصد کمی واقع ہوئی۔
اس کے برعکس زیرِ جائزہ مدت کے دوران پاکستان میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی طلب نسبتاً مضبوط رہی اور جاری مالی سال کے پہلے دو مہینوں (جولائی تا اگست 2026ء) میں ٹیلی کام آلات کی درامدات 8.95 فیصد اضافے کے ساتھ 43 کروڑ 20 لاکھ 44 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 39 کروڑ 55 لاکھ 36 ہزار ڈالر تھیں۔
روپے کی صورت میں ٹیلی کام آلات کی درامدات جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 6.95 فیصد بڑھ کر 120 ارب 21 کروڑ 10 لاکھ روپے ہو گئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 112 ارب 39 کروڑ 80 لاکھ روپے تھیں۔
ٹیلی کام آلات کی درامدات میں یہ اضافہ ملک کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری کی بدولت ہے، جس میں نیٹ ورک کی توسيع اور اگلی نسل کی موبائل خدمات کے اغاز کی تیاریاں شامل ہیں۔
تاہم سالانہ بنیادوں پر اگست 2026ء میں ٹیلی کام آلات کی درامدات 3.42 فیصد کمی کے ساتھ 19 کروڑ 72 لاکھ 69 ہزار ڈالر رہیں، جو اگست 2025ء میں 20 کروڑ 42 لاکھ 63 ہزار ڈالر تھیں۔
ماہانہ بنیادوں پر اگست 2026ء میں ٹیلی کام آلات کی درامدات جولائی 2026ء کے 23 کروڑ 47 لاکھ 75 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 15.98 فیصد کم ہوئیں۔


Comments