پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 65 ملین یورو کے معاہدوں پر دستخط
- معاہدوں پر یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس اور اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری محمد ہمایوں کریم نے دستخط کیے
حکومتِ پاکستان اور یورپی یونین (ای یو) نے پیر کو مجموعی طور پر 65 ملین یورو (تقریباً 20 ارب 64 کروڑ روپے) مالیت کے تین گرانٹ معاہدوں پر دستخط کیے جن کے تحت تین پروگرام شروع کیے جائیں گے جن میں گلوبل گیٹ وے ڈیولپمنٹ فسیلیٹیشن فار پاکستان، خیبر پختونخوا میں توانائی اور قدرتی ماحول کی لچک پذیری اور پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کے لیے یورپی یونین کی معاونت شامل ہیں۔
سرکاری بیان میں کہا گیا کہ یہ تعاون کا پیکیج اقتصادی اور توانائی شعبوں کی ترقی کے فروغ اور قانون کی حکمرانی کے فروغ سے متعلق یورپی یونین اور پاکستان کے مشترکہ عزم کو عملی شکل دیتا ہے۔
معاہدوں پر پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس اور اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری محمد ہمایوں کریم نے دستخط کیے۔
یورپی یونین کے کثیر سالہ اشاری پروگرام 2021-2027 کے تحت مالی معاونت سے شروع کیے جانے والے ان اقدامات میں پاکستان کی ترقی کے تین اہم پہلوؤں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
گلوبل گیٹ وے ڈیولپمنٹ فسیلیٹیشن فار پاکستان: انویسٹمنٹ مینجمنٹ اینڈ فنانشل اینیبلنگ انوائرمنٹ منصوبے کا مقصد ٹیکس نظام میں بہتری اور حکومت کی طویل مدتی مالی منصوبہ بندی کو مضبوط بنا کر پاکستان میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنا ہے۔
خیبر پختونخوا (کے پی) میں توانائی اور قدرتی ماحول کی لچک پذیری پروگرام کا مقصد ایسے دیہی علاقوں میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو وسعت دینا ہے جو بجلی کے قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ نجی سرمایہ کاری راغب کرنے اور خیبر پختونخوا کے توانائی شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کے لیے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
یورپی یونین کی سابقہ معاونت کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کے لیے یورپی یونین کی معاونت پروگرام خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں عوام کو پولیس استغاثہ، عدالتوں اور قانونی معاونت تک رسائی میں مزید مدد فراہم کرے گا۔
اس پروگرام کے تحت پنجاب اور سندھ میں قانونی مقدمات کے لیے متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے طریقۂ کار کے استعمال کو وسعت دینے میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ یورپی اور دیگر کمپنیوں کی ان صوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھے۔
اس موقع پر ہمایوں کریم نے یورپی یونین کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے ان اقدامات کو بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے، خیبر پختونخوا کے بجلی کے قومی گرڈ سے باہر واقع دیہی علاقوں میں بجلی تک رسائی بہتر بنانے، قانون کی حکمرانی کے اعلیٰ معیار اور تجارتی تنازعات کے حل کے مزید مؤثر نظام کے اہداف سے بھرپور مطابقت رکھتے ہیں۔
سفیر کاروبلس نے کہا کہ یہ معاہدے ہمارے فلیگ شپ گلوبل گیٹ وے اقدام کے تحت پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے عزائم کی حمایت کے لیے یورپی یونین کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے خیبر پختونخوا کے حکام کو مضبوط اور لچک دار توانائی شعبے کی تشکیل میں بھی معاونت فراہم کریں گے جبکہ قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام کو فروغ دیا جائے گا۔ قانون کی حکمرانی سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔


Comments