شکاگو سویا آئل کی قیمتوں میں کمی، پام آئل کے نرخ گر گئے
- پام آئل کا بینچ مارک کنٹریکٹ دوپہر کے وقفے تک 27 رنگٹ کمی کے ساتھ 4,991 رنگٹ فی میٹرک ٹن پر آگیا
ملائیشین پام آئل فیوچرز کی قیمتوں میں پیر کو کمی ریکارڈ کی گئی جس کے ساتھ مسلسل 5 سیشنز سے جاری تیزی کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔ امریکی بائیو فیول کی طلب میں کمی کی توقعات کے باعث سویا آئل کی قیمتوں میں کمی نے پام آئل کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا۔
بورسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں نومبر ڈلیوری کے لیے پام آئل کا بینچ مارک کنٹریکٹ دوپہر کے وقفے تک 27 رنگٹ یعنی 0.54 فیصد کمی کے ساتھ 4,991 رنگٹ فی میٹرک ٹن پر آگیا۔
کوالالمپور میں مقیم ایک تاجر نے کہا کہ پام آئل مارکیٹ دسمبر 2024 کے بعد بلند ترین سطح سے نیچے آگئی جس پر شکاگو میں سویا آئل کی قیمتوں میں شدید کمی کا دباؤ رہا۔ امریکی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی جانب سے تیل ریفائنریوں کو ملک کے بائیو فیول اختلاط قوانین کی تعمیل ثابت کرنے کے لیے یکم ستمبر کی مقررہ تاریخ میں توسیع دینے کے منصوبے کے عندیے نے بھی مارکیٹ کو متاثر کیا۔
تاجر نے مزید کہا کہ شکاگو سویا آئل کا دسمبر کنٹریکٹ جمعہ کو اوور نائٹ ٹریڈنگ میں 2 فیصد سے زائد گرگیا تھا اور پیر کو مزید 2.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مجموعی مارکیٹ کے رجحان پر دباؤ پڑا۔ شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا آئل کی قیمت 2.73 فیصد کم ہوگئی۔
پام آئل عالمی نباتاتی تیل کی مارکیٹ میں دیگر خوردنی تیلوں کے ساتھ مسابقت کے باعث ان کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی پیروی کرتا ہے۔
دالیان میں سب سے زیادہ کاروبار والے سویا آئل کنٹریکٹ کی قیمت 0.15 فیصد کم ہوئی جبکہ پام آئل کنٹریکٹ میں 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


Comments