وزیراعظم کی بارشوں اور سیلاب متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت
- متاثرہ علاقوں میں بجلی کے ترسیلی نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کو ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وہ لاہور میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران جاری امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب میں جان بحق ہونے والے تمام افراد کے لواحقین کے ساتھ ساتھ بارشوں اور سیلاب سے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو مالی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کے ترسیلی نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ وفاقی وزرا اور سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقوں کا ذاتی طور پر دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیں اور بحالی کا کام شروع کرائیں۔
شہباز شریف نے امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے اور ان متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر اشیائے خورونوش اور دیگر امدادی سامان پہنچانے کی ہدایت کی جو تاحال ناقابلِ رسائی ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مزید بارشوں اور سیلاب کی پیش گوئی کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔
اجلاس میں رواں سال کے مون سون بارشوں کے اثرات اور امدادی سرگرمیوں میں پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اب تک ملک بھر میں مون سون سے متاثرہ علاقوں کے لیے 615 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جاچکا ہے جبکہ مزید امدادی سامان کی فراہمی کے انتظامات بھی کیے جارہے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے جبکہ مزید بارشوں اور سیلاب کی صورت میں عوام کی مدد کے لیے این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں مکمل طور پر تیار ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔


Comments