آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال، خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
- برینٹ خام تیل کے فیوچر 91 سینٹ یا 1.09 فیصد اضافے کے ساتھ 84.46 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے
عالمی منڈی میں پیر کے روز خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، کیونکہ آبنائے ہرمز کی جلد بحالی کے بارے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ ایران نے کہا ہے کہ عمان کے ساتھ نئی بحری گزرگاہوں کے تعین سے متعلق معاہدہ آخری مراحل میں ہے، تاہم اس نے واضح کیا کہ امریکہ کو آبنائے ہرمز کھولنے سے قبل دیگر شرائط بھی پوری کرنا ہوں گی۔
برینٹ خام تیل کے فیوچر 91 سینٹ یا 1.09 فیصد اضافے کے ساتھ 84.46 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 61 سینٹ یا 0.78 فیصد اضافے کے بعد 78.79 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
گزشتہ ہفتے دونوں عالمی بینچ مارکس میں 7 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، کیونکہ سرمایہ کاروں کو امید تھی کہ ایران اور عمان کے درمیان ایسا معاہدہ طے پا سکتا ہے جس کے نتیجے میں جنگ کے باعث بند ہونے والی آبنائے ہرمز دوبارہ کھل جائے گی۔ جنگ سے قبل دنیا بھر میں سمندر کے راستے ہونے والی تیل کی تقریباً 20 فیصد حصے کی ترسیل اسی گزرگاہ سے ہوتی تھی۔
ایران نے اتوار کو کہا کہ عمان کے ساتھ معاہدہ آخری مراحل میں ہے، تاہم تہران نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کو جون میں ہونے والے حملوں کے ازالے سمیت دیگر شرائط پوری کرنا ہوں گی، اس کے بعد ہی آبنائے ہرمز بحال کی جائے گی۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق سرمایہ کار اب صرف بیانات پر انحصار نہیں کر رہے بلکہ وہ تصدیق شدہ ٹینکر نقل و حرکت یا باضابطہ معاہدے جیسے ٹھوس شواہد کے منتظر ہیں، اس سے پہلے کہ مارکیٹ میں شامل خطرے کے پریمیم میں مزید کمی آئے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور جب تک واشنگٹن جون میں طے پانے والے عبوری معاہدے کی خلاف ورزی کرتا رہے گا، تہران مذاکرات دوبارہ شروع نہیں کرے گا۔
ادھر ہفتے کے اختتام پر سعودی عرب کے جازان آئل ریفائنری پر بھی حملہ کیا گیا۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی سعودی عرب کے ترکیہ اور پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدے کے دو روز بعد کی گئی۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کی سرکاری توانائی کمپنی ایڈنوک نے بتایا کہ تنازع شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اس کے 15 بحری جہاز حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، جس سے عالمی توانائی رسد کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔


Comments