پاکستان اور چین کا تجارت، سرمایہ کاری و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
- شنگھائی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان ملاقات
پاکستان اور چین نے تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جمعہ کو شنگھائی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان ہونے والی ملاقات میں یہ اتفاق پایا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا اور پاک دوستی اور تذویراتی شراکت دار ی کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان اور چین کی آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے تازہ ترین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے اپنے عزم کو بھی دہرایا۔


Comments