بحرینی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ، پاکستان کے مفاہمتی کردار کو سراہا
- گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا
بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے اتوار کے روز اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے امن معاہدے کے لیے اسلام آباد کے تعمیری کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔
دفتر خارجہ کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے یہ بات نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جنگ بندی کے حصول میں کردار پر ذاتی طور پر شکریہ ادا کر سکیں۔
اسحاق ڈار نے اپنے بحرینی ہم منصب کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت جاری رکھے گا۔


Comments