نئے امریکی پاسپورٹ پر صدر ٹرمپ کی تصویر، ڈیزائن جاری
- جاری کی گئی تصویر میں پاسپورٹ کے ایک صفحے پر صدر ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کے مشہور ریزولوٹ ڈیسک پر دکھایا گیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی 250 ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں ایک خصوصی یادگاری امریکی پاسپورٹ کا نیا ڈیزائن جاری کردیا جس میں ان کی تصویر نمایاں طور پر شامل کی گئی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پاسپورٹ کے نئے ڈیزائن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ امریکا کا نیا پاسپورٹ، جس پر لکھا ہے خوش آمدید، لیکن اچھا رویہ اختیار کریں!
جاری کی گئی تصویر میں پاسپورٹ کے ایک صفحے پر صدر ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کے مشہور ریزولوٹ ڈیسک پر دکھایا گیا جب کہ پس منظر میں امریکا کے تاریخی اعلانِ آزادی کا متن موجود ہے۔ اسی صفحے کے نچلے حصے میں صدر ٹرمپ کے دستخط بھی شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے بھی پاسپورٹ کی یہی تصویر شیئر کی جس پر پیٹریاٹ پاسپورٹ کے الفاظ درج تھے۔
امریکی محکمہ خارجہ جس نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ خصوصی آرٹ ورک سے مزین ایک یادگاری پاسپورٹ 6 جولائی سے دستیاب ہوگا نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری کوئی جواب نہیں دیا۔
ٹرمپ نے جارحانہ انداز میں سرکاری اداروں پر اپنی ذاتی چھاپ لگائی ہے۔ کئی سرکاری عمارتوں کے باہر صدر کے بینرز لہرائے جا رہے ہیں اور محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ جلد ہی ایک ڈالر کے نوٹ پر ان کے دستخط نظر آئیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جان ایف کینیڈی سینٹر فار دی پرفارمنگ آرٹس کے نام کے ساتھ بھی اپنا نام شامل کر دیا تھا، تاہم بعد ازاں ایک عدالت نے حکم دیا کہ اسے ہٹا دیا جائے۔
وہ پہلے برسرِ اقتدار امریکی صدر ہوں گے جن کی تصویر امریکیوں کے سفری دستاویزات (پاسپورٹ) پر نمایاں ہوگی۔


Comments