اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کی زد میں، 100 انڈیکس 1600 پوائنٹس گر گیا
- صبح 11 بجکر 30 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 168,903.55 پوائنٹس پر آگیا
بڑھتی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کاروباری ہفتے کے آغاز پر شدید مندی کی لپیٹ میں آگئی، پیر کو ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک 100 انڈیکس میں 1600 سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔
صبح 11 بجکر 30 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 1,575.39 پوائنٹس یا 0.92 فیصد کی کمی سے 168,903.55 پوائنٹس پر آگیا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، او ایم سیز، پاور جنریشن اور ریفائنری سمیت اہم شعبوں میں شدید دباؤ دیکھا گیا۔ انڈیکس کے بڑے شیئرز بشمول اے آر ایل، حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، پی ایس او، ایم سی بی اور ایم ای بی ایل بھی منفی زون میں دکھائی دیے۔
گزشتہ ہفتے امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی سرمایہ کاروں کے اعتماد پر بری طرح اثر انداز ہوئی جس نے علاقائی استحکام اور تیل کی بڑھتی قیمتوں کے خدشات کے باعث زیادہ تر شعبوں میں محتاط ٹریڈنگ کو جنم دیا اور پی ایس ایکس کو نیچے دھکیل دیا۔ بینچ مارک 100 انڈیکس ہفتہ وار بنیادوں پر 2 فیصد یا 3,483.87 پوائنٹس کی کمی کے بعد 170,478.94 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بین الاقوامی سطح پر پیر کو ایشیائی اسٹاکس میں شدید گراوٹ دیکھی گئی کیونکہ سرمایہ کار اس خوف سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے وابستہ مقبول ترین شیئرز سے تیزی سے باہر نکل گئے کہ مارکیٹ میں تیزی کا یہ رجحان حد سے زیادہ اور بہت تیز رہا جب کہ دوسری جانب ایران میں تازہ ترین جارحیت اور کشیدگی نے تیل کی قیمتوں کو اوپر دھکیل دیا۔
مندی کے دوہرے محرکات جو مارکیٹ کے کمزور مزاج کو نمایاں کر رہے ہیں، گزشتہ ہفتے چِپ بنانے والی کمپنی براڈکام کے مایوس کن کاروباری آؤٹ لک اور جمعہ کو سامنے آنے والی امریکہ میں ملازمتوں کی غیر متوقع طور پر مضبوط رپورٹ تھی جس کے بعد ٹریڈرز اس سال شرح سود میں اضافے کے امکانات کو مدنظر رکھ رہے ہیں۔
رواں سال دنیا بھر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی جنوبی کوریا کی چِپ پر مبنی مارکیٹ کوسپی ایشیا میں سب سے زیادہ نقصان کا شکار رہی جہاں 5 فیصد کی گراوٹ کے بعد یہ بینچ مارک انڈیکس گزشتہ ہفتے کی بلند ترین سطح سے 13 فیصد نیچے آگیا۔
جاپان کا نکئی انڈیکس بھی لگ بھگ 4 فیصد گرگیا جس میں کمپیوٹر چِپ کی پروڈکشن سپلائی چین سے وابستہ سرمایہ کاروں کے پسندیدہ ترین شیئرز کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا جبکہ تائیوان کا بینچ مارک انڈیکس 3.9 فیصد تک نیچے آگیا۔
جمعہ کو آنے والی شدید مندی کے بعد نسڈیک فیوچرز بحالی کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ یورپی فیوچرز میں 1 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔ جمعہ کو نسڈیک میں 4.2 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
بانڈز مارکیٹ میں 2 سالہ ٹریژری کی شرحِ منافع میں جمعہ کو 11 بیسس پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا اور پیر کو مزید 1.6 بیسس پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ یہ 4.1782 فیصد پر پہنچ گئی۔
مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بھی بدستور نازک بنی ہوئی ہے اور پیر کو برینٹ کروڈ کے فیوچرز تقریباً 3.5 فیصد اضافے کے ساتھ 96.45 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، یہ اضافہ اسرائیل کی جانب سے مغربی اور وسطی ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے دعوے کے بعد سامنے آیا۔
یہ انٹرا ڈے اپڈیٹ ہے


Comments