بالائی علاقوں میں کل موسلا دھار بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا
- مغربی ہواؤں کا سلسلہ منگل سے جمعہ تک ملک کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ وسیع پیمانے پر بارشیں لائے گا
محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے الرٹ جاری کیا ہے کہ منگل سے جمعہ کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کیونکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بالائی حصوں میں داخل ہونے والا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمیاتی نظام کے زیرِ اثر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، لاہور، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری (اولے پڑنے) کا بھی امکان ہے۔
موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق اسی دوران فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، میانوالی، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی وقفے وقفے سے بارانِ رحمت برسے گی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی نیلم ویلی، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت اور شگر میں بھی وقفے وقفے سے بادل گرجنے اور برسنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول چترال، سوات، بٹگرام، کوہاٹ، ڈی آئی خان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور اور مردان میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جہاں کچھ مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
میٹ آفس کے مطابق بلوچستان کے شمال مشرقی حصوں بشمول کوئٹہ، ژوب، شیرانی، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں 2 سے 4 جون کے دوران بارش متوقع ہے۔ جبکہ بالائی سندھ میں بھی کل (منگل) سے جمعرات تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ برسات کا امکان ہے۔


Comments