وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کا تبادلہ، مشتبہ حملہ آور ہلاک
- فائرنگ کے دوران ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا
وائٹ ہاؤس کے قریب ایک چیک پوائنٹ پر فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کو سیکرٹ سروس اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں گولی مار دی، جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔ یہ واقعہ ہفتے کی شام پیش آیا۔
سیکرٹ سروس کے مطابق مسلح شخص وائٹ ہاؤس کے قریب 17ویں اسٹریٹ اور پنسلوانیا ایونیو پر قائم چیک پوائنٹ کے قریب پہنچا، اس نے اپنے بیگ سے اسلحہ نکالا اور اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ اہلکاروں نے فوری جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور زخمی ہو گیا۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک راہگیر بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا، تاہم اس کی حالت کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ مختلف امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ راہگیر حملہ آور کی ابتدائی فائرنگ سے زخمی ہوا یا بعد میں ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں نشانہ بنا۔
رائٹرز سے گفتگو کرنے والے ایک قانون نافذ کرنے والے اہلکار نے بتایا کہ مشتبہ شخص ذہنی طور پر پریشان حالت میں تھا اور اس کے خلاف پہلے سے اسٹے اوے آرڈر بھی جاری کیا جا چکا تھا۔
سیکرٹ سروس نے کہا کہ واقعے میں کوئی قانون نافذ کرنے والا اہلکار زخمی نہیں ہوا، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ واقعے کے وقت وائٹ ہاؤس میں موجود تھے۔
یہ واقعہ تقریباً ایک ماہ قبل پیش آنے والے اس واقعے کے بعد سامنے آیا ہے جب ایک مسلح شخص نے وائٹ ہاؤس کورسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے عشائیے کی میزبانی کرنے والے ہوٹل کے اندر فائرنگ کی تھی، جس کے بعد ٹرمپ اور دیگر حکام کو فوری طور پر وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔


Comments