مہنگائی کی شرح میں 0.62 فیصد اضافہ، 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں
- ایک ہفتے کے دوران 13 اشیا کی قیمتوں میں کمی جب کہ 24 میں استحکام رہا
ملک میں مہنگائی کی رفتار زور پکڑنے لگی ہے جس کے نتیجے میں 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق 30 اپریل 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.62 فیصد اضافہ ہوا۔
زیرِ جائزہ ہفتے کے دوران مشترکہ گروپ کے لیے حساس قیمتوں کا اشاریہ (ایس پی آئی) 352.04 پوائنٹس سے بڑھ کر 354.23 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
ایک ہفتے کے دوران اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا جس میں ڈیزل کی قیمت میں سب سے زیادہ 7.53 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد پٹرول (7.18 فیصد)، آٹا (4.74 فیصد)، آلو (1.39 فیصد)، ڈبل روٹی (0.75 فیصد)، کپڑے دھونے کا صابن (0.68 فیصد)، مونگ کی دال (0.66 فیصد)، مٹن (0.45 فیصد)، بیف (0.39 فیصد)، کیلے (0.37 فیصد)، تازہ دودھ (0.30 فیصد) اور سگریٹ کی قیمت میں 0.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ٹماٹروں کی قیمتوں میں 17.17 فیصد کمی واقع ہوئی جس کے بعد چکن (6 فیصد)، لہسن (2.38 فیصد)، پہلی سہ ماہی کے بجلی کے نرخوں (0.94 فیصد)، ماش کی دال (0.89 فیصد)، ایل پی جی (0.80 فیصد)، چاول ایری-6/9 (0.43 فیصد)، انڈے(0.38 فیصد)، چنے کی دال (0.28 فیصد) اور مسور کی دال کی قیمت میں 0.16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
تازہ اعداد شمار کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 51 اشیا میں سے 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ، 13 کی قیمتوں میں کمی جب کہ 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments