پاکستان سپر لیگ 11 : فائنل میں تماشائیوں کو گراؤنڈ آنے کی اجازت مل گئی
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ 11 کے فائنل میں تماشائیوں کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت دے دی۔
اس بات کا اعلان چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ہفتے کو کیا۔
یہ فیصلہ پی سی بی کے سربراہ اور فرنچائز مالکان کی درخواست کے بعد کیا گیا ۔ سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ اگرچہ وزیراعظم شہباز شریف ابتدا ہی سے مداحوں کو اجازت دینے کے حق میں تھے لیکن وہ کفایت شعاری مہم اور ایندھن کی کھپت کو کم کرنے کی حکومتی کوششوں کے حوالے سے محتاط تھے۔
تاہم فرنچائز مالکان کی درخواست پر انہوں نے پی ایس ایل 11 کے فائنل کے لیے شائقین کی موجودگی کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے اس فیصلے پر وزیراعظم شہباز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب پی ایس ایل ٹورنامنٹ میں پلے آف کے تین ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز پلے آف کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔
قبل ازیں ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور پی سی بی چیف محسن نقوی سے درخواست کی تھی کہ شائقین کو بقیہ آٹھ میچز براہِ راست دیکھنے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں 8 میچز باقی ہیں اور تقریباً ہر میچ ہی ناک آؤٹ یا اہمیت کا حامل ہے۔ براہِ کرم وزیراعظم شہباز شریف اور محسن نقوی، آئیے دنیا کو دکھائیں کہ ہم اس کھیل کا جشن کیسے مناتے ہیں جس سے ہم محبت کرتے ہیں۔ اگر آپ صبح 10 بجے (اجازت کا) اعلان کریں تو میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ صبح 11 بجے تک ہر ٹکٹ فروخت ہو جائے گا۔
محسن نقوی کی جانب سے وزیراعظم کی جانب سے تماشائیوں کو فائنل دیکھنے کی اجازت کے اعلان کے بعد گوہر شاہ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان کوالیفائر 28 اپریل کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیمیں 29 اپریل کو لاہور میں ایلیمینیٹر-ون میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ کوالیفائر ہارنے والی ٹیم اور ایلیمینیٹر-1 جیتنے والی ٹیم کے درمیان یکم مئی کو لاہور ہی میں ایلیمینیٹر-2 کھیلا جائے گا تاکہ دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ ہو سکے۔
پی ایس ایل 11 کا فائنل، کوالیفائر اور ایلیمینیٹر-2 کی فاتح ٹیموں کے درمیان اتوار (3 مئی) کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔


Comments