مقامی ایندھن سے بجلی کی پیداوار پر زور، ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون کی یقین دہانی
- وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اورے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما شاؤکن فین کے درمیان ملاقات
وفاقی وزیرِ توانائی نے بجلی کی پیداوار کے لیے مقامی ایندھن کے استعمال کو بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ملک کے شعبہ توانائی کی اصلاحات میں تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
منگل کو جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق یہ پیشرفت وفاقی وزیرِ توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر ایما شاؤکن فین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی جس میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی توانائی کے چیلنجز کے باوجود پاکستان کے پاور سیکٹر نے حال ہی میں مضبوط لچک کا مظاہرہ کیا ہے، یہ استحکام مقامی وسائل بشمول مقامی کوئلہ، ہائیڈل (پن بجلی) اور شمسی توانائی کے زیادہ استعمال کی بدولت ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں کو عوام کی دسترس میں رکھنے کے لیے بجلی کی پیداوار میں مقامی ایندھن کا حصہ بڑھانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
ایما شاؤکن فین نے حکومت کے فعال اقدامات کا اعتراف کیا اور نوٹ کیا کہ پاور سیکٹر میں ان کوششوں نے ملکی معیشت کی مجموعی لچک میں نمایاں بہتری لائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک توانائی کے شعبے کی ضروریات کا گہرائی سے جائزہ لینے اور پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن، مربوط منصوبہ بندی ، ڈیٹا گورننس، نجکاری اور ادارہ جاتی نظم و نسق جیسے نئے اقدامات میں تعاون کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
ایما شاؤکن فین نے آگاہ کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پہلے ہی اے ایم آئی میٹرز کے لیے تکنیکی مدد فراہم کررہا ہے اور پاور سیکٹر میں روف ٹاپ سولر اور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے اثرات پر مطالعہ کررہا ہے۔
انہوں نے استعداد کار بڑھانے کے پروگرامز پر بھی روشنی ڈالی، جن میں پاور سیکٹر کے پیشہ ور افراد کے لیے کوریا میں تربیت کے خصوصی مواقع شامل ہیں تاکہ ان کی مہارتوں میں اضافہ کیا جاسکے اور اصلاحاتی عمل کو تقویت مل سکے۔
دریں اثنا اویس لغاری نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے پروگراموں کے لیے انتخاب کا عمل منصفانہ اور شفاف ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جدید مہارتوں سے لیس پیشہ ور افراد ادارہ جاتی بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے نیشنل گرڈ کمپنی کی اہمیت پر زور دیا اور اس کی تشکیلِ نو کے لیے ضروری تعاون طلب کیا۔
ایما فین نے آگاہ کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر کی رواں ماہ کے آخر میں پاکستان آمد متوقع ہے۔


Comments