سویلین تنصیبات پر حملے غیر قانونی اور ناقابلِ قبول ہیں، یورپی یونین
- یہ انتباہ امریکی صدر کی جانب سے ایران میں سویلین انفرااسٹرکچر کو تباہ کرنے کی دھمکی کے بعد سامنے آیا
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ جنگ کے دوران سویلین بنیادی ڈھانچے (شہری تنصیبات) کو نشانہ بنانا غیر قانونی ہے۔ یہ انتباہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے آبنائے ہرمز نہ کھولنے کی صورت میں ایران کے سویلین انفرااسٹرکچر کو تباہ کرنے کا ذکر کیا تھا۔
انتونیو کوسٹا کا کہنا تھا کہ توانائی کی تنصیبات سمیت کسی بھی سویلین انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کے خلاف ہے، چاہے وہ روس یوکرین جنگ ہو یا دنیا کا کوئی اور خطہ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام پہلے ہی اپنے نظام کا شکار ہیں اور فوجی مہم میں توسیع کی صورت میں بھی وہی سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔
یورپی یونین نے ایران پر زور دیا کہ وہ خطے کے ممالک پر حملے فوری بند کرے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی مکمل آزادی بحال کرے۔ کوسٹا نے زور دیا کہ پانچ ہفتوں کی تباہ کن جنگ کے بعد اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران کا حل صرف سفارت کاری میں ہی پنہاں ہے۔


Comments