صدر زرداری کی سینیئر وزراء سے ملاقات، قومی سلامتی اور معاشی روڈ میپ کا جائزہ
- وزرائے خزانہ اور پیٹرولیم کی معاشی کارکردگی اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر بریفنگ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھٹو ہاؤس نوڈیرو میں وفاقی وزراء کے ساتھ اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور معاشی روڈ میپ پر غور کیا گیا۔ اس اہم اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک شریک ہوئے۔
اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مختلف اہم قومی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز اور سرحدی سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر پاک افغان کشیدگی اور علاقائی سیکیورٹی کے چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے ملک کی معاشی کارکردگی، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور عالمی سطح پر ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔
صدر زرداری نے وفاقی ٹیم کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی عدم استحکام کے پیشِ نظر معاشی پالیسیاں ایسی ہونی چاہئیں جن سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ صدر نے وزراء کو ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم سے کم رکھا جائے، تاکہ عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔


Comments