کینیڈا کی پاکستان کو سب سے بڑے معدنیاتی کنونشن میں شرکت کی دعوت
کینیڈین حکومت نے پاکستان کو دنیا کے سب سے بڑے اور معتبر معدنیاتی کنونشن پی ڈی اے سی 2026 میں شرکت کی دعوت دی ہے، جو مارچ 2026 میں کینیڈا میں منعقد ہوگا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر نے پاکستان کو باضابطہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ کنونشن عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پاکستان کی معدنی صلاحیتوں کو پیش کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو گہرا کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
ہائی کمشنر طارق علی خان نے ریکوڈک منصوبے میں کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ کی کامیابی کو ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا مزید کمپنیوں کو ’پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم‘ میں لانے کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے ریکوڈک کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے وہاں اسکولوں، اسپتالوں اور پانی کی فراہمی جیسے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے کاموں کی تعریف کی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ کینیڈا کی وزارتِ قدرتی وسائل معدنی اور توانائی کے شعبے میں پاکستان کی تکنیکی مدد کے لیے تیار ہے۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ ریکوڈک کے لیے بین الاقوامی فنڈنگ پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین مالیاتی مراحل میں سے ایک ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مزدوروں کی حفاظت اور ماحولیاتی و سماجی اصولوں (ای ایس جی) پر سختی سے عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کینیڈا کی جانب سے تکنیکی مہارت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔ دونوں ممالک نے معدنیات اور توانائی کو باہمی تعلقات کا کلیدی ستون بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔


Comments