گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حالیہ ہفتوں اور مہینوں میں سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کیے گئے معاشی اعدادوشمار کے تناظر میں یہ فیصلہ کئی حلقوں کے لیے حیران کن ثابت ہوا ہے۔
کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) یا عمومی مہنگائی، جو ڈسکاؤنٹ ریٹ کے تعین میں بنیادی عنصر سمجھی جاتی ہے نومبر 2024 سے مسلسل کم ہو رہی ہے— نومبر میں 4.9 فیصد، دسمبر میں 4.1 فیصد، جنوری میں 2.4 فیصد، فروری میں 1.5 فیصد، مارچ میں 0.7 فیصد اور اپریل میں 0.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اگرچہ ان مہینوں کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، پھر بھی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے 16 دسمبر کو ڈسکاؤنٹ ریٹ کم کرکے 13 فیصد، 12 جنوری کو 12 فیصد اور 5 مئی کو مزید کم کرکے 11 فیصد کردیا۔
یہ درست ہے کہ مئی میں مہنگائی بڑھنے کی شرح بڑھ کر 3.5 فیصد ہوئی اور جون میں کم ہو کر 3.2 فیصد پر آ گئی، تاہم مئی سے شرح سود کو بدستور برقرار رکھا گیا ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ شاید سی پی آئی شرح سود کے تعین کا بنیادی پیمانہ نہیں رہا۔ کور انفلیشن بھی رواں سال مارچ سے مسلسل کمی کا شکار ہے — مارچ میں 8.2 فیصد سے گھٹ کر جون میں 6.9 فیصد کی نچلی سطح تک پہنچ گئی ہے۔
مانیٹری پالیسی اسٹیٹمنٹ (ایم پی ایس) میں کہا گیا کہ زیادہ فریکوئنسی والے معاشی اشاریے عالمی معاشی بحالی کی عکاسی کررہے ہیں (نہ کہ صرف پاکستان میں) — یہ مؤقف واضح طور پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے موقف سے متصادم ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق عالمی معاشی ترقی کی پیشگوئیوں کو جنوری 2025 کی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک (ڈبلیو ای او) اپڈیٹ کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم کردیا گیا ہے جس کی وجہ ایک صدی میں نہ دیکھی گئی بلند سطح کی مؤثر تجارتی محصولات اور بے حد غیر یقینی عالمی ماحول ہے۔مانیٹری پالیسی اسٹیٹمنٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ آٹو موبائل سیلز، کھاد کی فروخت، نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی اور درمیانی اشیاء و مشینری کی درآمدات میں سالانہ نمایاں اضافہ ہوا ہے — تاہم یہ فروخت اور خریداری پیداوار میں اضافے کی عکاسی نہیں کرتیں، بلکہ اسٹاک میں کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔ دوسری جانب، ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ڈالر تمام بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں اپنی قدر کھو چکا ہے، سوائے پاکستانی روپے کے، جس کے باعث درآمدی لاگت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
مانیٹری پالیسی اسٹیٹمنٹ میں حالیہ مہینوں میں پہلی بار پرچیزنگ منیجرز انڈیکس کا حوالہ دیا گیا ہے جس سے یہ سوال جنم لیتا ہے کہ یہ انڈیکس کس طرح تیار کیا جاتا ہے۔ قیاس کیا جاسکتا ہے کہ یہ انڈیکس آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی ٹیکنیکل اسسٹنس کا حصہ ہے، جو اُن اہم خامیوں سے نمٹنے کے لیے دی گئی ہے جو جی ڈی پی کے تقریباً ایک تہائی حصے سے متعلق دستیاب بنیادی اعداد و شمار میں موجود ہیں۔ مزید برآں، حکومتی مالیاتی شماریات کی تفصیل اور درستگی سے متعلق بھی مسائل درپیش ہیں۔ ستمبر میں جاری کردہ آئی ایم ایف کی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ یہ تکنیکی معاونت حکومت کی جانب سے حکومتی مالیاتی شماریات کو بہتر بنانے اور ایک نیا پروڈیوسر پرائس انڈیکس تشکیل دینے کی کوششوں میں مدد فراہم کرے گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بزنس ریکارڈر کو پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس نے مطلع کیا ہے کہ یہ تکنیکی معاونت جولائی 2025 میں شروع ہوئی تھی اور یہ جون 2026 کے اختتام تک مکمل نہیں ہوگی۔
مانیٹری پالیسی کمیٹی اس حقیقت سے لاعلم دکھائی دی کہ جولائی تا اپریل 2025 لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی شرح نمو منفی 1.52 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 0.26 فیصد تھی — جو کہ حالیہ جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار ہیں۔ نجی شعبے کو دیا گیا قرضہ 2023-24 میں 323.5 ارب روپے سے بڑھ کر 2024-25 میں جولائی تا جون 676.6 ارب روپے تک پہنچا، تاہم اس اضافے کو صنعت کے بجائے اسٹاک مارکیٹ سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔ ایم پی سی کا یہ کہنا کہ سیلاب سے متعلق خطرات کو چھوڑ کر زرعی شعبے کی بحالی رواں سال متوقع ہے، ایک ایسا خوش فہمانہ اندازہ ہے جسے گزشتہ سال بھی سیلاب نے متاثر کیا تھا اور حالیہ جاری سیلابی صورتحال بھی اس پیش گوئی کو غلط ثابت کرسکتی ہے۔
ڈسکاؤنٹ ریٹ سے متعلق مانیٹری پالیسی کمیٹی کے فیصلوں کے تناظر میں، آئی ایم ایف کی مئی 2025 کی دستاویزات میں دی گئی ایک اہم رائے کا حوالہ دینا مناسب ہوگا جو اس کی ویب سائٹ پر فرسٹ ریویو انڈر دی ایکسٹینڈڈ ارینجمنٹ کے عنوان سے شائع ہوئی تھیں: اگرچہ مجموعی مہنگائی بڑھنے کی شرح (ہیڈ لائن انفلیشن) میں کمی متاثر کن ہے، تاہم کور انفلیشن اب بھی بلند سطح پر برقرار ہے اور اسٹیٹ بینک کو چاہیے کہ وہ مانیٹری پالیسی کو احتیاط سے ترتیب دیتا رہے، مالیاتی سختی کو بتدریج ختم کرے — اور یہ اقدام اسی وقت اٹھایا جائے جب واضح شواہد موجود ہوں کہ مہنگائی اسٹیٹ بینک کے ہدف کردہ دائرہ کار میں مستقل طور پر آچکی ہے۔
دوسرے الفاظ میں، معاہدہ جاتی ذمہ داریوں کے تحت منافع جات کی بیرونِ ملک منتقلی پر مالیاتی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ — حالانکہ 18 جنوری کو زرمبادلہ ذخائر 14.46 ارب ڈالر رپورٹ کیے گئے تھے، جن میں سے گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق 16 ارب ڈالر رول اوور پر مشتمل ہیں — ممکنہ طور پر یہی وہ بنیادی وجہ ہے جس کی بنا پر آئی ایم ایف کے اسٹاف نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کو ڈسکاؤنٹ ریٹ میں کمی کی اجازت نہیں دی۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس کی جو قابلِ تحسین ہے کیونکہ یہ آئی ایم ایف کی اس سفارش سے ہم آہنگ ہے کہ پالیسی فیصلوں کی مؤثر انداز میں وضاحت کی جائے تاکہ عوام مانیٹری پالیسی کمیٹی کے ردِ عمل کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں اور پالیسی اقدامات کے لیے حمایت پیدا ہو۔ تاہم افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ صنعتی برادری کے ناقدین کو یہ قائل کرنے میں ناکام رہے کہ شرح سود کو برقرار رکھنے کا فیصلہ درست ہے۔
مرکزی بینک نے بظاہر ایک محتاط رویہ اختیار کیا ہے تاکہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بگڑتے ہوئے مہنگائی کے منظرنامے کے درمیان قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025


Comments
Comments are closed.