سولرائزیشن کے فروغ سے دستبردار نہیں ہونگے، عوام کو بہترسہولت کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہیں، وزیرِ اعظم
- وزیرِ اعظم کا "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" اسمارٹ موبائل ایپ کا اجرا
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز کہا ہے کہ حکومت ملک میں جاری سولرائزیشن کے فروغ کی ہرگز حوصلہ شکنی نہیں کرے گی بلکہ اس عمل کا خیرمقدم کرتی ہے جو دنیا میں بجلی پیدا کرنے کا سب سے کم لاگت والا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
وزیرِ اعظم نے یہ بات وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے تیار کردہ ”اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ“ کے عنوان سے ایک اسمارٹ موبائل ایپلیکیشن کے افتتاح کے موقع پر کہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جہاں شمسی(سولر) توانائی کا عمل تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔
توانائی کے شعبے میں اہم اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے اس موبائل ایپ کو انقلابی اصلاحاتی قدم قرار دیا جو صارفین کو براہِ راست فائدہ پہنچائے گا۔
وزیرِ اعظم نے بجلی کے بلوں میں شامل پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس ایپ کا پانچ زبانوں میں تعارف صوبائی ہم آہنگی اور رابطے کو فروغ دے گا۔
تقریب میں وفاقی وزرا، اراکینِ پارلیمنٹ اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے متعلقہ وزارت میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے، جس کی قیادت وزیرِ توانائی اور اُن کی ٹیم کر رہے ہیں، جنہوں نے محنت اور واضح نتائج کے ساتھ کام سرانجام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت نے اہم فیصلے کیے اور اس بات پر زور دیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے مزید فیصلے کیے جانا ضروری ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں ڈسکوز ( بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں) کے بورڈز میں اہم اصلاحات متعارف کرائی گئیں، جن میں میرٹ پر تقرریاں کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ مافیا کے خلاف موثر اقدامات کیے گئے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے وزیرِ توانائی اور ٹاسک فورس نے انتہائی محنت سے کام کیا ہے۔
اپنے خطاب میں، جو قومی ٹی وی چینلز پر نشر ہوا، وزیرِ اعظم نے پاکستانی آئی پی پیز (انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز) سے ہونے والے مذاکرات کا ذکر کیا، جنہیں انہوں نے مشکل اور سخت مرحلہ قرار دیا۔ ان مذاکرات کے نتیجے میں گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت 7.41 روپے تک کم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گردشی قرضے کے مسئلے کے حل کے لیے بینکوں سے بھی بات کی ہے جو کہ ایک بڑی کامیابی تھی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ جب عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی تو حکومت نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پندرہ روزہ قیمتوں کے تعین میں عوام کو ریلیف فراہم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ری بیسنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اجتماعی فیصلہ کیا گیا اور فی یونٹ بجلی کی قیمت کو ایک حد میں رکھ کر صارفین پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم نے یہ بھی اعلان کیا کہ بجلی کے ماہانہ بلوں میں شامل پی ٹی وی فیس کو ختم کیا جا رہا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے توانائی کے شعبے کو درپیش دو بڑے چیلنجز کی نشان دہی کی: پہلا بجلی چوری، جس سے سالانہ 500 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، دوسرا ملک میں سولرائزیشن کے باعث بجلی کی زیادہ پیداوار اور کم کھپت کا فرق ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ان چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے نئے راستے تلاش کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صنعتی اور گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخ مزید کم کرنے کے اقدامات بھی زیر غور ہیں۔
وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر انحصار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اووربلنگ ایک سنگین مسئلہ رہا ہے، اور حکومت نے اس حوالے سے صارفین سے وصول کی گئی اربوں روپے کی رقم واپس کی ہے۔
اویس لغاری نے بتایا کہ میٹر ریڈنگ کا نظام اب براہِ راست صارفین کے سپرد کر دیا گیا ہے، جس کے لیے خصوصی موبائل ایپ تیار کی گئی ہے۔


Comments
Comments are closed.