نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
شوکاز نوٹس 23 جون 2025 کو جاری کیا گیا، یہ وہی دن ہے جب پاور ڈویژن نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت اپریل 2025 کے لیے کراچی کے صارفین کو 4.69 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کی منظوری روک دی۔
نیپرا کے مطابق، کسی بھی وقت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی ہدایت پر ڈسٹری بیوشن کمپنی کو اپنی منسلک لوڈ کا 30 فیصد تک لوڈ شیڈ کرنے کی منصوبہ بندی اور شیڈول دستیاب رکھنے ہوں گے۔ یہ 30 فیصد لوڈ مختلف سوئچ ایبل بلاکس پر مشتمل ہونا چاہیے، جنہیں این ٹی ڈی سی کی ہدایت پر باری باری منقطع کیا جاسکے۔ ڈسٹری بیوشن کمپنی ان منصوبوں کی نقول این ٹی ڈی سی کو فراہم کرے گی۔
نیپرا کا مؤقف ہے کہ جہاں ممکن ہو، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو گرڈ کوڈ کے مطابق نظام کی وولٹیج اور/یا فریکوئنسی کو برقرار رکھنے کے لیے لوڈ شیڈنگ کی متوقع ضرورت سے متعلق ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو پیشگی اطلاع دینی چاہیے۔
گرڈ کوڈ کی شقوں کے مطابق این ٹی ڈی سی نظام پر نظر رکھے گی اور جب ضرورت پیش آئے، ہر ڈسٹری بیوشن کمپنی کو واضح اور غیر مبہم انداز میں اس بوجھ کی مقدار اور وقت سے متعلق ہدایات جاری کرے گی جسے منقطع کرنا ہوگا۔ یہ ہدایات پہلے سے تیار کردہ منصوبوں سے متعلق ہوں گی۔
اتھارٹی نے اپنے احکامات کی عدم تعمیل پر نیپرا (جرمانہ) ریگولیشن 2021 کی شق 4(1) اور 4(2) کے تحت 8 جنوری 2025 کو لائسنس یافتہ ادارے کو وضاحت طلب نوٹس جاری کیا۔
ریگولیٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ہدایات کے برعکس، کے-الیکٹرک اے ٹی اینڈ سی (تقریباً نقصانات اور وصولیوں) کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کررہا ہے جو نیپرا ایکٹ اور پرفارمنس اسٹینڈرڈز (ڈسٹری بیوشن) رولز 2005 کی خلاف ورزی ہے۔ اس ضمن میں ایسے فیڈرز جن پر کچھ صارفین بجلی چوری یا بل ادا نہ کرنے میں ملوث ہیں، انہیں روزانہ کئی گھنٹوں کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا جاتا ہے، حالانکہ انہی فیڈرز پر موجود دیگر صارفین باقاعدگی سے ادائیگیاں کر رہے ہوتے ہیں۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بل دینے والے صارفین کو بلا وجہ نادہندہ صارفین کی وجہ سے سزا دی جا رہی ہے۔
اتھارٹی نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا اور اسے مکمل کرتے ہوئے کے-الیکٹرک پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا۔ اتھارٹی مسلسل اس بات پر زور دے رہی ہے کہ لائسنس یافتہ کمپنی (کے-الیکٹرک) کو اگر لوڈشیڈنگ کرنا بھی پڑے تو وہ صرف پول ماؤنٹڈ ٹرانسفارمر (پی ایم ٹی) کی سطح پر کی جائے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لائسنس ہولڈر صرف اس صورت میں لوڈشیڈنگ کرسکتا ہے جب سسٹم آپریشن کی جانب سے پیداوار میں کمی یا ترسیلی نظام کی رکاوٹ کی وجہ سے ہدایت دی جائے۔
دوسری جانب، کے-الیکٹرک نے 60 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر کی سطح پر اے ایم آئی/اے ایم آر میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ شروع کیا۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ٹرانسفارمر کی سطح پر بجلی چوری اور عدم ادائیگی کی صورت میں توانائی کے مخصوص نقصانات کی نشاندہی کرنا ہے، ساتھ ہی کچھ دیگر کاروباری فوائد بھی حاصل کرنا ہیں۔ مزید یہ کہ لائسنس ہولڈر (کے-الیکٹرک) کا کہنا ہے کہ ان میٹرز کی مدد سے وہ دور سے ہی ٹرانسفارمر کی سطح پر بجلی کی فراہمی کو منسلک یا منقطع کر سکتا ہے۔ یہ منصوبہ دسمبر 2021 میں مکمل ہوا اور اس کا ٹیسٹ رن جون 2022 تک جاری رہا۔
اتھارٹی نے پول ماونٹڈ ٹرانسفارمرز پر اے ایم آئی/اے ایم آر میٹرز کی تنصیب سے متعلق لائسنس ہولڈر کے ریکارڈ، رپورٹس اور تحریری بیانات کا جائزہ لیا۔ اتھارٹی نے مزید مشاہدہ کیا کہ کے-الیکٹرک اس منصوبے کے ذریعے تمام تجارتی فوائد حاصل کررہی ہے، تاہم وہ دستیاب قواعد و ضوابط کے تحت اگر ضرورت پڑے تو پول ماونٹڈ ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کرکے کراچی کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں۔
علاوہ ازیں، یہ بھی ریکارڈ پر موجود ہے کہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر ہونے والی عوامی سماعتوں کے دوران کراچی کے شہریوں نے بڑے پیمانے پر غیر اعلانیہ اور حد سے زیادہ لوڈشیڈنگ کی شکایات کیں۔
کاپی رائٹ: بزنس ریکارڈر، 2025


Comments
Comments are closed.