پاکستان

وزیراعظم کا بندرگاہوں اور قومی شپنگ انڈسٹری میں اصلاحات پر زور

  • بندرگاہیں کاروبار کے فروغ اور معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں، شہباز شریف
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی بندرگاہوں اور قومی شپنگ انڈسٹری میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت میں اضافہ اور جدید آپریشنز پاکستان کو خطے کا اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے ضروری ہیں۔

ملک کی بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے بندرگاہوں کے امور سے وابستہ سرکاری اداروں کو کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور تجارتی عمل تیز کرنے کے لیے باہمی تعاون کی ہدایت کی۔

انہوں نے کارگو کی نقل و حمل، کسٹمز کلیئرنس اور بندرگاہوں سے متعلق دیگر طریقہ کار کو جدید بنانے پر زور دیا تاکہ تجارت کو مؤثر اور کاروباری برادری کے لیے مشکلات کم کی جاسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہیں کاروبار کے فروغ اور معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے پی این ایس سی میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری شپنگ کمپنی کو جدید، مالی طور پر مستحکم اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل ادارہ بنایا جائے۔

انہوں نے کمپنی کے بحری بیڑے میں اضافے کے لیے قابلِ عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی، تاکہ درآمدات اور برآمدات کے لیے ملکی شپنگ صلاحیت مضبوط بنائی جاسکے۔

اجلاس کو پی این ایس سی کے کاروباری ترقیاتی منصوبے پر بریفنگ دی گئی، جس میں بحری بیڑے کی توسیع اور افرادی قوت کے انتظام میں بہتری شامل ہے۔ اصلاحات کا مقصد 2030 تک پاکستان کی بحری کارگو صلاحیت کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026