کاروبار اور معیشت

گورنر کی سالانہ رپورٹ 2025-26 : توانائی بحران سے مہنگائی دوہرے ہندسوں میں پہنچ گئی، شرح سود میں 100 بیسس پوائنٹس اضافہ کرنا پڑا

  • محتاط اور اعداد و شمار پر مبنی مانیٹری پالیسی اور مسلسل مالیاتی استحکام کی کوششوں نے ملکی معیشت کی مشکلات سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط کی
شائع اپ ڈیٹ

مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اچانک اضافے کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح دوہرے ہندسوں میں پہنچنے کے بعد پاکستان کے مرکزی بینک کو اپریل میں اپنی پالیسی کا رخ تبدیل کرتے ہوئے شرح سود میں 100 بیسس پوائنٹس (ایک فیصدی پوائنٹ) اضافہ کرنا پڑا، تاہم 8.1 ارب ڈالر کی خالص زرمبادلہ خریداری کے باعث اس کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر سال کے اختتام کے مقررہ ہدف سے تجاوز کرگئے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے منگل کو مالی سال 2026 کے لیے گورنر کی سالانہ رپورٹ میں یہ بات بتائی۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران پاکستان کے مجموعی معاشی اشاریوں نے مسلسل مضبوطی کا مظاہرہ کیا۔ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود قومی صارف قیمت اشاریے کی اوسط مہنگائی درمیانی مدت کے مقررہ ہدف کی بالائی حد کے قریب رہی، معمولی جاری کھاتے کے خسارے کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر سال کے اختتامی ہدف سے تجاوز کرگئے، جبکہ حقیقی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں بھی زیادہ شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

گورنر کی سالانہ رپورٹ اسٹیٹ بینک ایکٹ 1956 کی دفعہ 39 (1) کے تحت شائع کی جاتی ہے، جس میں جنوری 2022 تک کی ترامیم شامل ہیں۔ اس شق کے تحت گورنر اسٹیٹ بینک کے مقاصد، مانیٹری پالیسی کے طریقۂ کار، ملکی معیشت اور مالیاتی نظام کی صورتحال سے متعلق سالانہ رپورٹ مجلسِ شوریٰ (پارلیمنٹ) میں پیش کرنے کا پابند ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق محتاط اور اعداد و شمار پر مبنی مانیٹری پالیسی کے مؤقف اور مسلسل مالیاتی استحکام کی کوششوں نے سال کے دوران یکے بعد دیگرے آنے والے معاشی جھٹکوں کے مقابلے میں ملکی معیشت کی مضبوطی میں اضافہ کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ان جھٹکوں میں سال کے آغاز پر مون سون کی بارشوں سے آنے والے سیلاب اور امریکی تجارتی محصولات سے متعلق بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال، جبکہ فروری 2026 کے اختتام سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع شامل تھے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ مالیاتی نظام بھی مستحکم رہا، کیونکہ نجی شعبے کو بینکوں کے قرضوں میں اضافے کے ساتھ مالیاتی گہرائی میں بہتری آئی۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2025 سے فروری 2026 کے عرصے میں قومی صارف قیمت اشاریے کے تحت اوسط مہنگائی 5.5 فیصد رہی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ تاہم مشرقِ وسطیٰ میں تنازع شروع ہونے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث اپریل 2026 سے عمومی مہنگائی کی شرح دوہرے ہندسوں میں پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے مارچ سے جون کے عرصے میں قومی صارف قیمت اشاریے کی مہنگائی میں توانائی کی قیمتوں کے اضافے کا حصہ جولائی 2025 سے فروری 2026 کے عرصے کے مقابلے میں نمایاں طور پر بڑھ گیا۔

گندم اور اس سے تیار ہونے والی مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کے باعث غذائی مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا، جس کی وجہ رسد میں رکاوٹیں تھیں۔ مالی سال 2026 کے بیشتر عرصے میں بنیادی مہنگائی میں کمی کا رجحان جاری رہا، تاہم اس کی سطح بلند رہی اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پیداواری لاگت اور ٹرانسپورٹ خدمات کے اخراجات میں ظاہر ہونے کے بعد اس میں معمولی اضافہ بھی ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران بدلتی ہوئی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے دسمبر 2025 تک پالیسی ریٹ برقرار رکھا، جس کے بعد اس میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ شرح سود میں کمی کا فیصلہ عمومی مہنگائی کی کم سطح، مہنگائی کی توقعات مستحکم رہنے، عالمی اجناس کی قیمتوں میں نرمی اور بیرونی کھاتے کی بہتر صورتحال کے پیش نظر کیا گیا تھا۔ ان عوامل سے مہنگائی کا منظرنامہ بہتر ہوا اور معاشی سرگرمیوں کو سہارا دینے کی گنجائش پیدا ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں تنازع شروع ہونے کے بعد مہنگائی اور بیرونی شعبے کے امکانات خراب ہوئے، جس کے باعث اپریل 2026 میں پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس اضافہ کیا گیا، تاکہ مہنگائی کے بالواسطہ اور دوسرے مرحلے کے اثرات کو محدود کرنے کے ساتھ مجموعی معاشی استحکام کو برقرار رکھا جاسکے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اسی نوعیت کا پالیسی ردعمل دیکھا گیا۔

زرمبادلہ کے ذخائر میں مضبوطی

مالی سال 2026 کی گورنر کی سالانہ رپورٹ میں اسٹیٹ بینک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جو جون 2026 کے اختتام کے لیے مقرر کردہ 18 ارب ڈالر کے ہدف سے تجاوز کرگئے۔

رپورٹ کے مطابق سال کے دوران اسٹیٹ بینک نے 8.1 ارب ڈالر کی خالص زرمبادلہ خریداری کی، جبکہ اپنے فارورڈ اور سواپ واجبات میں 1.6 ارب ڈالر کی کمی کی۔ اس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی پوزیشن میں معیاری بہتری ظاہر ہوتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاری کھاتے کے خسارے کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہوا، کیونکہ ترسیلات زر اور آئی سی ٹی برآمدات میں اضافے نے اشیائے تجارت کے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کے اثرات کو متوازن رکھنے میں مدد دی۔

رپورٹ کے مطابق کثیرالجہتی اور دوطرفہ مالی معاونت کی وافر آمد اور بانڈز کے کامیاب اجرا کے باعث مجموعی توازنِ ادائیگی میں بہتری آئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی مضبوط پوزیشن، مسلسل مالیاتی استحکام اور آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت اور لچک و پائیداری سہولت کے تحت جائزوں کی کامیاب تکمیل نے ملکی خودمختار کریڈٹ ریٹنگز بہتر بنانے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور شرح مبادلہ میں استحکام برقرار رکھنے میں مدد دی۔

مالیاتی نظام کا استحکام

مالیاتی نظام کا استحکام برقرار رکھنے کے اسٹیٹ بینک کے مقصد کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کے اثاثوں کے معیار میں بہتری آئی اور مجموعی قرضوں کے مقابلے میں غیر فعال قرضوں کا تناسب نمایاں طور پر کم ہوا۔ تاہم مائیکروفنانس بینکوں کے معاملے میں یہ تناسب معمولی بڑھا، لیکن قرضوں کے ممکنہ نقصانات کے لیے مناسب انتظامات کے باعث اس کے اثرات محدود رہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کی سرمایہ جاتی پوزیشن مضبوط رہی اور ان کا شرحِ کفایتِ سرمایہ مقررہ کم از کم ضابطہ جاتی حد سے نمایاں طور پر بلند رہا۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران اسلامی بینکاری کے شعبے میں توسیع کا مضبوط رجحان جاری رہا۔ اس پیش رفت میں سازگار ضابطہ جاتی ماحول نے اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث بینکوں کو شریعت کے مطابق بینکاری نظام کی طرف منتقلی، اپنی شاخوں کے نیٹ ورک میں توسیع اور شریعت کے مطابق مالیاتی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملی۔

مالی سال 2026 کی گورنر کی سالانہ رپورٹ میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے اپنے تیسرے درجے کے مقصد کے تحت حکومت کے معاشی پالیسی اہداف کی معاونت کے لیے کیے گئے متعدد اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ان اقدامات میں 12 ڈیجیٹل ماڈل ویلیجز کا قیام، ملک کے پہلے مکمل ڈیجیٹل زرعی قرضہ پلیٹ فارم ’’زرخیزے — آسان ڈیجیٹل زرعی قرضہ‘‘ کا آغاز، نوجوانوں کو آزادانہ طور پر بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کھولنے اور چلانے کی اجازت دینے کے لیے فریم ورک متعارف کرانا، پاکستان مالی شمولیت اشاریے کی تیاری اور اشاعت، جس کے ذریعے مالی شمولیت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جاتا ہے اور حکومت کے اشتراک سے پاکستان گرین ٹیکسانومی کا اجرا شامل ہیں۔