دنیا

ٹرمپ کا دورہ ایشیا شروع، منیلا میں کواڈ رہنماؤں سے ملاقات متوقع

  • کواڈ گروپ میں امریکا، جاپان، آسٹریلیا اور بھارت شامل ہیں
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ منگل کو جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے سربراہ اجلاس کے اختتام پر فلپائن پہنچیں گے، جہاں انہیں ممکنہ احتجاج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کے دورے کے دوران بحرالکاہل اور بحرہند کے خطے کے چار ممالک پر مشتمل کواڈ گروپ کے رہنماؤں کا دو سال بعد پہلا اجلاس بھی متوقع ہے۔

ٹرمپ کا ایشیائی دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو شکست ہوئی ہے اور جاسوسی سے متعلق الزامات نے امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ بندی کو مزید پیچیدہ بنانے کے خدشات پیدا کردیے ہیں۔

کواڈ گروپ میں امریکا، جاپان، آسٹریلیا اور بھارت شامل ہیں۔ یہ ٹرمپ کا اس گروپ کے رہنماؤں کے ساتھ پہلا اجلاس ہوگا۔ اس میں بحری سلامتی، برآمدات پر پابندیوں، اہم معدنیات کی سپلائی چین اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

دوسری جانب منیلا میں ٹرمپ کے دورے کے خلاف احتجاج کا امکان ہے۔ گزشتہ کئی روز سے مظاہرین امریکی صدر کے پتلے نذر آتش کرنے کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے اور امریکی قیادت میں شروع کیے گئے پیکس سلیکا اقدام کو ختم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ٹرمپ بدھ کو فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر سے ملاقات کریں گے اور امریکا-آسیان خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

ادھر ٹرمپ منگل کو تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں باہمی تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ دورہ ایشیا میں امریکی اثرورسوخ، علاقائی اتحادیوں سے تعلقات اور چین کے ساتھ تجارتی و سفارتی معاملات کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔