پاکستان

شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر

  • یہ سالانہ درجہ بندی عمان میں قائم تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر مرتب کرتا ہے
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اس سال دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ اس فہرست میں سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت بھی ان کے ساتھ پہلے نمبر پر شامل ہے۔

یہ سالانہ درجہ بندی عمان میں قائم تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر مرتب کرتا ہے، جو 2009 سے یہ فہرست شائع کر رہا ہے۔ فہرست کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک سے زیادہ شخصیات کو مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

مشترکہ پہلی پوزیشن میں تین اندراجات کے تحت پانچ شخصیات شامل ہیں، جن میں پاکستان کے وزیراعظم اور آرمی چیف، سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، جبکہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان شامل ہیں۔

ادارے نے اس مشترکہ درجہ بندی کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے منسلک کیا ہے۔ رپورٹ میں اس معاہدے کو اجتماعی سلامتی کے لیے ’’ایک سب کے لیے، سب ایک کے لیے‘‘ کے تصور سے تعبیر کیا گیا ہے۔

پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ریاض کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ تہران کے ساتھ بھی رابطے کے راستے کھلے رکھے ہوئے ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ اپنے تعلقات میں بھی توازن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو چوتھے نمبر پر رکھا گیا ہے، جبکہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم پانچویں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی چھٹے نمبر پر ہیں۔

پاکستانی مذہبی اسکالر مفتی محمد تقی عثمانی اس فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔

فہرست میں مزید شخصیات کی درجہ بندی درج ذیل ہے:

  • متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان 12ویں نمبر پر ہیں۔

  • مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی 22ویں نمبر پر ہیں۔

  • پاکستانی مبلغ مولانا طارق جمیل 32ویں نمبر پر ہیں۔

  • لیورپول کے فٹبالر محمد صلاح 39ویں نمبر پر ہیں۔

  • فلسطینی صدر محمود عباس 45ویں جبکہ شام کے عبوری صدر احمد الشرع 46ویں نمبر پر ہیں۔

  • نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی 49ویں نمبر پر ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو سیاست کے شعبے میں قابلِ ذکر شخصیات میں شامل کیا گیا ہے۔

اس زمرے میں حماس کے رہنما خلیل الحیہ، لندن کے میئر صادق خان اور امریکی سینیٹر منتخب ہونے والے عبدل السید بھی شامل ہیں۔

اشاعت نے فلسطینی ماہرِ اطفال ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو سال کی شخصیت (مین آف دی ایئر) قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر ابو صفیہ وہ معالج ہیں جنہوں نے اپنے مریضوں کو تنہا چھوڑنے سے انکار کیا اور گزشتہ 600 سے زائد دنوں سے اسرائیلی حراست میں ہیں، جہاں ان کے خلاف نہ کوئی فردِ جرم عائد کی گئی ہے اور نہ ہی مقدمہ چلایا گیا ہے۔

سال کی خاتون شخصیت کا اعزاز فاطمہ زہرا شیخ آبادی کو دیا گیا ہے، جو ایران کے شہر میناب میں اپنے اسکول پر امریکی حملوں میں زندہ بچ گئی تھیں۔

بعد ازاں انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں میناب کے بچوں کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا۔