دنیا

حماس کے سینئر کمانڈر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید

  • حماس کے مطابق ابو یونس نے 1991 میں تنظیم کے عسکری ونگ میں شمولیت اختیار کی تھی اور کمانڈر بننے سے قبل رفح میں کئی اہم عسکری ذمہ داریاں انجام دیں۔
شائع اپ ڈیٹ

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اتوار کو تصدیق کی ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی کرنے والے اس کے ایک سینئر کمانڈر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے مطابق 53 سالہ سمیر ابو یونس ہفتے کے روز جنوبی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے۔ وہ رفح بریگیڈ کے کمانڈر تھے۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ابو یونس جنوبی غزہ میں رات گئے کیے گئے فضائی حملے میں مارے گئے۔ وہ 15 ستمبر کو اپنے پیش رو نائل ابو عبید کی ہلاکت کے بعد رفح بریگیڈ کے کمانڈر مقرر ہوئے تھے۔

طبی حکام کے مطابق ابو یونس کو خان یونس کے علاقے المواصی میں ایک سڑک پر فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں وہ شہید جبکہ دیگر افراد زخمی ہوئے۔

حماس کے مطابق ابو یونس نے 1991 میں تنظیم کے عسکری ونگ میں شمولیت اختیار کی تھی اور کمانڈر بننے سے قبل رفح میں کئی اہم عسکری ذمہ داریاں انجام دیں۔

حماس نے بتایا کہ ان کی نماز جنازہ اتوار کی سہ پہر خان یونس میں ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد اب تک کم از کم 1,600 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ 5 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔